Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہندوستان کو سمجھ جانا چاہئے کہ کشمیر کا مقدر آزادی کے سوا کچھ نہیں ، ترابی

 کشمیریوں پر مظالم کی انتہا ہو چکی ، اقوام متحدہ فوری مدخلت کرے ،سعودی عرب نے ہمیشہ کشمیر کاز کی بھر پور حمایت کی ہے ، امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر کا تقریب سے خطاب
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ اقوام عالم ہندوستانی افواج کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر مظالم بند کروائے ۔ مسئلہ کشمیر کا حل صرف اور صرف حق خودارادیت میں ہے جسے خود ہندوستان کی درخواست پر اقوام متحدہ نے منظور کیا تھا ۔ اقوام متحدہ کی قرارداد منظور ہونے کے باوجود ہندوستان کی جانب سے کھلی خلاف ورزیوں کا اقوام عالم نوٹس لے اور نہتے کشمیریوں کو انکا جائز حق دلوانے میں اپنا کردار ادا کرے ۔ مسئلہ کشمیر کا جائز حل ہی خطے میں قیام امن کی ضمانت ہے ۔ وہ جموں و کشمیر کمیونٹی اوورسیز کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے انکے ہمراہ راجہ خالد محمود بھی تھے۔ تقریب کی صدارت جموں و کشمیر کمیونٹی اوورسیز کے صدر اقبال یوسف جبکہ اسٹیج پر اوورسیز کمیونٹی کے چیف آرگنائزر عبداللطیف عباسی ۔ تقریب کی نظامت کے فرائض چوہدری خورشید متیال نے ادا کئے ۔ مہمان خصوصی عبدالرشید ترابی نے اپنے خطاب میں کشمیر کی موجودہ صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے مزید کہا کہ ہندوستان کے برسوں کے ظلم و جبر کے باوجود کشمیریوں کے پائے استقامت میں زرہ برابر بھی لرزش نہیں آئی ۔ ہندوستانی حکومت کو اب تو یہ بات سمجھ لینی چاہئے کہ کشمیری کسی بھی صورت میں اس کے ساتھ رہنا نہیں چاہتے ۔ آزادی کشمیریوں کا مقدر ہے۔ برہان وانی کی شہادت سے یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ کشمیری نئی نسل بھی ہندوستانی ناجائز قبضہ کو ہر طرح سے مسترد کر چکی ہے ۔ امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ اور ہر موڑ پر قضیہ کشمیر کا بھر پور انداز میں ساتھ دیا ہے ۔ رابطہ عالم اسلامی کے وفد کو ہندوستان نے مقبوضہ وادی کے دورے کی اجازت نہیں دی جس سے حکومت ہند کی نیت واضح ہوتی ہے ۔ عالم اسلام مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے ٹھوس اور جامع منصوبہ بندی مرتب کر کے ان پر عمل کرے تاکہ جلد اس کے نتائج برآمد ہو سکیں ۔ انہو ںنے مزید کہا کہ کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں ہم جانتے ہیں کہ رات کتنی ہی طویل کیوں نہ ہو طلوع سحر ہو کر ہی رہتی ہے ۔

شیئر: