دبئی نے 2021 میں 72 لاکھ سے زائد غیرملکی سیاحوں کا خیرمقدم کیا
قریبی ممالک سے سیاحوں کی آمد کی وجہ سے بھی دبئی میں سیاحت کو فروغ ملا (فائل فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی نے 2021 میں 72 لاکھ 80 ہزار غیرملکی سیاحوں کا خیرمقدم کیا ہے۔
متحدہ عرب امارات کی سرکاری نیوز ایجنسی وام کے مطابق دبئی کے محکمہ اقتصادیات اور سیاحت نے کہا ہے کہ اس کے اعدادوشمار کے مطابق 2021 کی چوتھی سہ ماہی میں 34 لاکھ بین الاقوامی سیاحوں کی تعداد تجاوز کرگئی۔
توقع کی جارہی ہے کہ سیاحوں کی آمد کا یہ مثبت رجحان 2022 اور مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔
سیروسیاحت کے حوالے سے دبئی کے 2021 کے اعدادوشمار کورونا وائرس کی وبا کے بعد شہر میں سیاحت کی بحالی کی نشاندہی کرتے ہیں جبکہ اقتصادی ترقی میں ایک اہم کردار کی توثیق بھی کرتا ہے۔
دبئی کے محکمہ اقتصادیات اور سیاحت کے ڈائریکٹر جنرل ہلال سعید المری ’نے کہا کہ نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کی دور اندیش قیادت اور رہنمائی میں ہم نے مسلسل عالمی چیلنجوں کے باوجود ایک قابل ذکر کامیابی حاصل کی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ایکسپو 2020 کے افتتاح کے ساتھ سیاحت کا شعبہ تیزی سے بحال ہوا۔
قریبی ممالک سے سیاحوں کی آمد کی وجہ سے بھی سیاحت کو فروغ ملا۔
غیر ملکی سیاحوں کی ہوٹلوں کا قیام تقریباً چار دنوں پر مشتمل تھا۔
جنوبی ایشیا، روس، وسطی ایشیائی ممالک سے 18 فیصد اور مشرقی یورپ سے 15 فیصد سیاح آئے۔