اماراتی وزیر خارجہ کا دبئی ایکسپو میں پاکستان پویلین کا دورہ
شیخ عبد اللہ بن زید النہیان نے ایکسپو میں پاکستان ٹیم کے کام کو سراہا۔
متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے خارجہ امور شیخ عبد اللہ بن زید النہیان نے آج بدھ کو دبئی ایکسپو 2020 میں پاکستان پویلین کا دورہ کیا۔
پاکستان پویلین پر ان کا خیرمقدم پاکستان کے سفیر برائے متحدہ عرب امارات افضل محمود نے کیا۔
شیخ عبد اللہ بن زید النیہان نے 17 جنوری کو ابوظبی میں دہشت گردی کے واقعے میں ایک پاکستانی کی ہلاکت پر اظہار افسوس کیا۔
انہوں نے سفیر کو ہلاک ہونے والے شخص کی میت پاکستان واپس پہنچانے اور زخمی ہونے والے دو پاکستانیوں کے علاج کے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
شیخ عبد اللہ بن زید النہیان نے ان حملوں کے جواب میں پاکستانی حکومت کی سپورٹ اور اظہار یکجہتی کو سراہا۔
انہوں نے پاکستان ایکسپو ٹیم کو ایکسپو 2020 میں اپنے ملک کی صلاحیتیں مؤثر انداز میں دکھانے کے لیے سراہا۔
پاکستانی سفیر برائے متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے لوگوں اور حکومت کی جانب سے شیخ عبد اللہ بن زید النہیان کے ساتھ اظہار افسوس کیا اور پاکستانی حکومت کی جانب سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
انہوں نے شہریوں کے خلاف حوثیوں کے حملے کی مذمت کی۔