Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’افغان طالبان کے ساتھ ہمارے تعلقات ہیں اور رہیں گے‘

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ’اپوزیشن پہلے استعفوں سے بھاگی تھی، اب لانگ مارچ پر آئی گئی ہے۔ (فوٹو: پی ایم ایل این)
پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ حکومت معمولی کیسز میں قید پاکستانی کو دوسرے ممالک سے لانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
اتوار کو اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سعودی وزیر داخلہ پیر کو آ رہے ہیں جبکہ قطر، کویت اور بحرین میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے لیے بھی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ترکی سے بہت سے پاکستانی واپس لائے گئے ہیں۔
’وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ جو لوگ جرمانے ادا نہ کر سکنے کی وجہ سے جیلوں میں ہیں، کسی طور ان کے جرمانے ادا کیے جائیں۔‘
لاہور میں آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کی شہباز شریف اور مریم نواز سے ملاقات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ اس ملک کی بدنصیبی ہے کہ یہاں چور اور ڈاکو خود کو شرفا کی لسٹ میں ڈالنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے لاہور میں ہونے والی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس میں سے مولانا فضل الرحمان کو مکھن میں سے بال کی طرح نکالا گیا۔
’اپوزیشن پہلے استعفوں سے بھاگی تھی، اب لانگ مارچ پر آئی گئی ہے۔‘
انہوں نے 23 مارچ کو لانگ مارچ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’پہلے انہیں کہا تھا کہ تاریخ بدلو، اب کہتا ہوں، مت بدلو، سارے آؤ۔‘
شیخ رشید نے اپوزیشن پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ یہ کہتے ہیں کہ حکومت کو گھر بھیج دیں گے ’یہ منہ اور مسور کی دال۔‘
کالعدم ٹی ٹی پی کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر شیخ رشید نے واضح کیا کہ اس بارے میں کچھ کہنے کی پوزیشن میں نہیں۔
’میرے خیال میں اس پر بات نہیں کرنی چاہیے، حساس معاملے کو اوائڈ کر دینا چاہیے‘
مذاکرات کے دروازے بند ہو گئے ہیں؟ اس سوال کے جواب پر ان کا کہنا تھا کہ بات چیت کے دروازے کبھی بند نہیں ہوتے لیکن جو دہشت گردی کرے اور ملک کے خلاف اسلحہ اٹھائے اس کو معاف نہیں کرنا چاہیے۔
افغانستان کے طالبان کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ان کے ساتھ ہمارے تعلقات ہیں اور رہیں گے۔
’چاہتے ہیں کہ دنیا افغانستان میں موجود لوگوں کی مدد کرے۔‘
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ انڈیا پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتا۔
’عمران خان کے چین کے دورے سے انڈیا کو خاصی تکلیف ہے۔‘

شیئر: