Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سرکاری اداروں میں آن لائن ڈیوٹی کا نظام متعارف کرانے کاعندیہ

اس حوالے سے لائحہ عمل میں ترامیم کی گئی ہیں۔ (فوٹو عرب نیوز)
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے سرکاری اداروں میں آن لائن ڈیوٹی کا نظام متعارف کرانے کاعندیہ دیا ہے۔ 
عکاظ اخبار کے مطابق وزارت افرادی قوت کا کہنا ہے کہ لائحہ عمل میں متعدد ترامیم کی گئی ہیں۔ 
آن لائن ڈیوٹی کے تحت سرکاری ملازم دفتر سے دور اپنی ڈیوٹی کی ذمہ داریاں الیکٹرانک سسٹم، سمارٹ سسٹم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے انجام دیں گے۔ وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کی سپیشل  کمیٹی سرکاری ادارے میں آن لائن ڈیوٹی سے متعلق تمام امور پر غوروخوض کررہی ہے۔ 
وزیر افرادی قوت کمیٹی کی سفارش پر ایسی ملازمتوں کی منظوری دیں گے جو آن لائن انجام دی جاسکتی ہیں۔ 
آن لائن ڈیوٹی کے حوالے سے وزارت افرادی قوت کے عہدیداروں نے عندیہ دیا ہے کہ ایسی صورت میں ملازمین کا ٹرانسپورٹ الاؤنس ختم کردیا جائے گا۔
سرکاری ادارے نے آن لائن ڈیوٹی کا طریقہ کار تجویز کیا ہے اور آن لائن اسامیوں پر غوروخوض کرنے والی کمیٹی کو تجاویز دی ہیں۔ 
لائحہ عمل میں ایک ترمیم یہ بھی کی گئی ہے کہ جو سعودی سکالر شپ پر بیرون مملکت تعلیم حاصل کریں گے انہیں بیرون مملکت تعلیم کے دورانیے کے برابر اپنے ادارے میں کام کرنا ہوگا۔ ایسا نہ کرنے پر اسے اپنی تعلیم پر آنے والے جملہ اخراجات ادا کرنا ہوں گے۔
اگر کسی نے تعلیم مکمل کرنے پر ڈیوٹی کا چارج لیا اور ایک مدت بعد ادارے کو خیر باد کہہ دیا تو ایسی صورت میں بیرون مملکت تعلیم کی باقی ماندہ مدت پر آنے والے اخراجات ادا کرنا ہوں گے۔ 

 

واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: