سعودی زمینی افواج کے دستے کی مشترکہ ٹریننگ کے لیے ملتان آمد
مشترکہ ٹریننگ ملتان گیریسن میں دو ماہ تک جاری رہے گی۔ فائل فوٹو: ایس پی اے
پاکستان اور سعودی عرب کی افواج کے درمیان عسکری تعاون کے فروغ کے لیے سعودی رائل لینڈ فورسز (آر ایس ایل ایف) کا دستہ مشترکہ ٹریننگ کے لیے ملتان گیریژن پہنچ گیا ہے۔
پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے منگل کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مشترکہ میکنائزڈ ٹریننگ دو ماہ تک جاری رہے گی جس کی افتتاحی تقریب کا اہتمام ملتان گیریسن میں کیا گیا۔
افتتاحی تقریب کے موقع پر مہمان خصوصی جنرل افسر کمانڈنگ میجر جنرل ظفر اقبات مروت تھے۔
پاک سعودی جوائنٹ میکنائزڈ ٹریننگ میں حصہ لینے والے دونوں ممالک کے فوجیوں نے بھی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔
بیان کے مطابق مشترکہ ٹریننگ کا مقصد معلومات کے تبادلے کے عمل کو مزید مضبوط کرنا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ٹریننگ کے دوران مختلف قسم کی مشقوں اور طریقہ کار کی پریکٹس کے علاوہ جنگی مشقیں بھی کی جائیں گی۔