Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’لاکھوں نوکریوں کا وعدہ کر کے فیصل واوڈا اپنی نوکری سے گئے‘

کراچی میں چینی قونصلیٹ پر حملے کے بعد واڈا پستول لیے شدت پسندوں سے لڑنے پہنچ گئے تھے۔ (فائل فوٹو: سکرین شاٹ)
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے حکمراں جماعت کے سینیٹر فیصل واوڈا کو جھوٹا بیان حلفی جمع کروانے کی پاداش میں نااہل قرار دے دیا ہے اور ان کی سینیٹرشپ کا نوٹیفیکیشن بھی واپس لے لیا ہے۔
بدھ کو فیصل واوڈا کے خلاف نااہلی کی درخواست کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن نے کہا کہ وہ جھوٹا حلف نامہ جمع کروانے کے مرتکب ہوئے۔
الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق فیصل واوڈا سنہ 2018 کا الیکشن لڑنے کے وقت اہلیت نہیں رکھتے تھے۔
تاہم فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ وہ اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ آف پاکستان میں اپیل دائر کریں گے۔

فیصل واوڈا پاکستان کی ان سیاسی شخصیات میں شامل ہیں جن کا ذکر اکثر سوشل میڈیا پر تواتر سے ہوتا ہے۔ کبھی وہ کسی ٹی وی شو پر ’بوٹ‘ لے کر پہنچ جاتے ہیں اور کبھی کسی حملے کے بعد بلٹ پروف جیکٹ پہنے اور ہاتھ میں پستول پکڑے شدت پسندوں کا مقابلہ کرنے پہنچ جاتے ہیں۔
شاید یہی وجہ ہے کہ ان کی نااہلی پر پاکستان میں ہر خاص و عام سوشل میڈیا صارف اپنی رائے دیتا نظر آرہا ہے۔
عرفان اسحاق نامی ٹوئٹر صارف نے واوڈا کی نااہلی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’واوڈا کو سینیٹر بنانے والوں کا بھی احتساب ہونا چاہیے۔‘

واضح رہے کراچی سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی بنے والے فیصل واوڈا پچھلے سال مارچ کے ماہ میں اس نشست سے استعفیٰ دیا تھا اور پھر انہیں ان کی پارٹی نے سینیٹر منتخب کروایا تھا۔
صحافی بے نظیر شاہ نے اس طرف لوگوں کی توجہ مبذول کرواتے ہوئے لکھا کہ ’یہ یاد رکھنا بہت اہم ہے کہ ای سی پی میں فیصل واوڈا کا کیس ہونے کے باوجود، ان کے نیشنل اسمبلی سے استعفیٰ دینے کے باوجود اور پارٹی کے اندر سے شکایات آنے کے باوجود وزیراعظم کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں پی ٹی آئی نے فیصل واڈا کو سینیٹ کے لیے نامزد کیا۔‘

نائلہ عنایت نامی صارف نے ٹویٹ میں پاکستانی ٹاک شو کا کلپ پوسٹ کیا اور لکھا کہ ’لاکھوں نوکریوں کا وعدہ کرنے کے بعد فیصل واڈا کی اپنی نوکری چلی گئی۔
صحافی مبشر زیدی نے فیصل واوڈا کی ہاتھ میں جوتا پکڑے ہوئے ایک تصویر لگائی ’اپیل کرے گا رے تیرا پھیضل۔‘

واضح رہے انڈین اداکار نواز الدین صدیقی نے مشہور انڈین فلم ’گینگز آف واسع پور‘ میں فیصل (پھیضل) کا کردار نبھایا تھا اور اس ٹویٹ میں مبشر زیدی کا اشارہ اسی فیصل کی طرف تھا۔
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے فیصل واوڈا کی نااہلی پر لکھا کہ ’پی ٹی آئی کی ایک اور وکٹ گرگئی۔‘
واضح رہے پی پی پی کے ممبر قومی اسمبلی قادر مندوخیل فیصل واڈا کے خلاف درخواستگرزاوں میں سے ایک تھے۔

شیئر: