کھانے کے فوری بعد ’واک‘ مفید نہیں مضر ہے، ڈاکٹرانصاری
کھانا کھانے کے 4 گھنٹے بعد واک کے مفید نتائج برآمد ہوتے ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)
ماہرخوراک و صحت ڈاکٹرصالح الانصاری کا کہنا ہے کہ کھانے کے فوری بعد ’واک‘ کرنے سے بلڈ شوگرکنٹرول کرنے کا تصور غلط ہے۔
اخبار 24 کے مطابق ڈاکٹر انصاری نے مزید کہا کہ بعض لوگوں کا خیال ہے کہ کھانا کھانے کے فوری بعد چہل قدمی کرنے سے خون میں شوگرکی اضافی مقدار کو کم کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسا کرنے سے خاص کرمعمریا ایسے افراد جوکسی متعدی مرض میں مبتلا ہوں کی صحت خراب ہوسکتی ہے۔
ڈاکٹرالانصاری کا کہنا تھا کہ کھانا کھانے کے بعد جسم کا نظام ہضم کام کرنا شروع کرتا ہے جس سے نظام ہضم کو خون کی ضرورت ہوتی ہے۔
خوارک کو تیزی سے ہضم کرنے اور اس میں شامل مفید اجزا کو جسم کا حصہ بنانے کےلیے معدہ درکارتوانائی خون سے حاصل کرتا ہے جبکہ کھانے کے فوری بعد چہل قدمی کرنے کی صورت میں معدے کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے جو صحت کے اعتبار سے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے۔
ڈاکٹر انصاری کا مزید کہنا تھا کہ واک یا چہل قدمی کرنا اچھی عادت ہے تاہم اسے اصول کے مطابق کیا جائے تاکہ بہتر نتائج برآمد ہوں اس لیے کھانے کے کم ازکم 2 سے چار گھنٹے بعد واک کی جائے تو اس کے بہترنتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔