’ویکسین لگوانے کے باجود احتیاطی تدابیر کی پابندی ضروری‘
اتوار 13 فروری 2022 20:21
وزارت کو جنوری کے دوران چار ہزار 460 شکایات ملی ہیں۔( فائل فوٹو روئٹرز)
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے کہا ہے کہ ویکسین کی تمام خوراکیں لینے کا یہ مطلب نہیں کہ ملازمین دفاتر میں کورونا ایس او پیز سے لاپروائی برتنے لگیں۔ تمام خوراکیں لینے کے باوجود کورونا ایس او پیز کی پابندی ضروری ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزارت افرادی قوت کے ترجمان نے اتوار کو بریفنگ میں کہاکہ وزارت کو جنوری 2022 کے دوران چار ہزار 460 شکایات ملی ہیں۔
شکایات میں یہ بات ریکارڈ پر لائی گئی کہ ملازمین کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے حفاظتی تدابیر کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔
وزارت کے ترجمان نے بتایا کہ پبلک سیکٹر میں 97 فیصد سے زیادہ ملازمین ویکسین کی دو اور اس سے زیادہ خوراکیں لے چکے ہیں جبکہ پرائیویٹ سیکٹر کے 95 فیصد ملازم ویکسین لگوا چکے ہیں۔
یاد رہے کہ سعودی عرب میں کورونا کے نئے کیسز مسسلسل کم ہورہے ہیں, اتوار کو پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے دو ہزار 136 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔کورونا کے کل کیسز کی تعداد7 لاکھ 28 ہزار387 ہو گئی ہے۔