کویت میں سخت حفاظتی تدابیر میں نرمی، معمولات زندگی بحال
کویت میں سخت حفاظتی تدابیر میں نرمی، معمولات زندگی بحال
منگل 15 فروری 2022 10:38
’ویکسین کی تمام خوراکیں مکمل کرنے والوں کو سفر کے لیے پی سی آر ٹیسٹ سے استثنی ہے‘ ( فوٹو: القبس)
کویتی حکومت نے کورونا کے باعث ملک میں سخت حفاظتی تدابیر میں نرمی اور بعض کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مقامی اخبار القبس کے مطابق کویتی کابینہ کے اجلاس میں ملک میں کورونا کی تازہ ترین صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے معمولات زندگی کو بحال کرنے کی منظوری دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کابینہ نے ملک کی تمام مساجد میں پوری گنجائش کے ساتھ نمازوں کی بحالی کا فیصلہ کیا ہے۔
تمام شاپنگ مالز اور تجارتی مراکز میں نافذ حفاظتی تدابیر ختم کرتے ہوئے مارکیٹوں کو تمام گاہکوں کے لیے کھولنے کی اجازت دی ہے۔
جن لوگوں نے کورونا ویکسین کی تمام خوراکیں مکمل کر رکھی ہیں انہیں سفر کے لیے پی سی آر ٹیسٹ سے استثنی دے دیا ہے۔
جبکہ جن لوگوں نے کورونا ویکسین کی خوراکیں مکمل نہیں کیں وہ سفر کرسکتے ہیں تاہم کویت آنے پر انہیں 7 دن کے لیے ہاؤس آئیسولیشن کرنا ہوگا۔ اس دوران اگر انہوں نے پی سی آر ٹیسٹ کرلیا اور نتیجہ منفی نکلا تو آئیسولیشن کی شرط ختم ہوجائے گی۔
کابینہ نے کہا ہے کہ ’تمام سرکاری دفاتر میں معمول کے مطابق ڈیوٹی انجام دی جائے گی جیسے پہلے تھی‘۔
’ملک میں شادی ہالز اور سماجی تقریبات کی اجازت ہے خواہ بند مقامات پر ہوں یا کھلے مقامات پر کی جائیں بشرطیکہ شرکا حفاظتی تدابیر کا خیال رکھیں‘۔
دوسری طرف کویت وزیر صحت ڈاکٹر خالد السعید نے کہا ہے کہ ’ملک میں حفاظتی تدابیر میں نرمی کے فیصلے کے بعد وزارت تربیت کے ساتھ ہمارے مشورے جاری ہیں‘۔
’ہم چاہتے ہیں کہ جس طرح باقی اداروں میں معمولات بحال ہوئے ہیں ویسے ہی تعلیمی اداروں میں بھی بحال ہوجائیں‘۔