پی ایس ایل میں مسلسل آٹھ شکستوں کے بعد کراچی کنگز کی پہلی جیت
جمعہ 18 فروری 2022 17:06
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
لاہور قلندرز نے اب تک سات میچز کھیلے جن میں سے پانچ میچ جیتنے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے۔ (فوٹو:پی ایس ایل)
پاکستان سپُر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے چھبیسویں میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو شکست دے دی۔
جمعے کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں 150 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی ٹیم 127 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
لاہور قلندرز کے فخر زمان ایک اور عبداللہ شفیق آٹھ رنز بنا کر میر حمزہ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ جبکہ کامران غلام 13 رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ لاہور قلندرز کے ڈیوڈ ویزے 31 رنز بنا کر میر حمزہ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
شاہین شاہ آفریدی اور راشد خان کوئی رن نہ بنا سکے۔
کراچی کنگز کی جانب سے بولنگ کرتے ہوئے میر حمزہ نے چار، کرس جارڈن نے دو اور عماد وسیم نے ایک وکٹ لی۔
کراچی کنگز کی جانب سے بیٹنگ کرتے ہوئے جو کلارک چار رنز بنا کر زمان خان کی گیند پر ڈیوڈ ویزے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ جبکہ شرجیل خان دو رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
کراچی کنگز کے قاسم اکرم 18 گیندوں پر 26 رنز بنا کر راشد خان کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ کنگز کے کپتان بابر اعظم 39 رنز بنا کر راشد خان کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
کراچی کنگز کے روہیل نظیر 18 جبکہ محمد نبی اور عماد وسیم آٹھ، آٹھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
لاہورقلندرز کی جانب سے جانب سے بولنگ کرتے ہوئے راشد خان اور زمان خان نے کراچی کنگز کے چار، چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جبکہ محمد حفیظ اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک، ایک وکٹ لی۔
لاہور قلندرز کی کارکردگی ملتان سلطانز کے علاوہ پی ایس ایل کی تمام ٹیموں سے بہتر رہی جبکہ کراچی کنگز کو پی ایس ایل سیون میں کافی مشکلاتکا سامنا رہا۔
لاہور قلندرز نے اب تک آٹھ میچز کھیلے جن میں سے پانچ میچ جیتنے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے۔
لاہور قلندرز کے مقابلے میں کراچی کنگز نے پی ایس ایل سیون میں اب تک نو میچز کھیلے اور ایک میچ جیتنے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر ہے۔