کورونا وبا طویل المیعاد اثرات ڈال رہی ہے: محمد الجدعان
سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان کے مطابق افراط زر کے اہم اسباب کو پیش نظر رکھنا ہوگا۔ (فوٹو العربیہ)
سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان نے کہا ہے کہ مالیاتی استحکام پر وبا کے اثرات کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔ وبا طویل المیعاد اثرات بھی ڈال رہی ہے اور وسط مدتی نقصانات بھی ہو رہے ہیں۔
العربیہ نیٹ کے مطابق محمد الجدعان نے ٹوئٹر پر لکھا کہ جی 20 کے سینٹرل بینکوں کے گورنرز اور وزرائے خزانہ کے اجلاس انڈونیشیا کی صدارت میں ہوئے۔ سعودی عرب پائیدار، جامع اور مستحکم شرح نمو کی خاطر مشترکہ جدوجہد اور انڈونیشیا کی مدد کے لیے پوری طرح مستعد ہے۔
محمدالجدعان نے کہا کہ عالمی سطح پر غذائی اشیا اور اشیائے صرف کے نرخوں میں افراط زر کے اہم اسباب کو پیش نظر رکھنا ہوگا۔ اس بات سمجھ کر چلنا ہوگا کہ اس دوران درآمدات کا معاملہ مسائل سے دوچار رہا ہے۔ کارگو کے اخراجات میں اضافہ ہوا اور موسمی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے بعض پالیسیوں کے غیرمطلوب نتائج نمودار ہوئے ہیں۔
جی 20 وزرائے خزانہ کے مشترکہ اعلامیے کا مسودہ تیار کرلیا گیا ہے۔ اس میں یہ بات شامل کی گئی ہے کہ طلب اور رسد میں ہم آہنگی نہیں ہے۔ توانائی کے نرخوں میں اضافہ اور ضروری سامان کے مہنگے ہونے سے متعدد ممالک افراط زر کا شکار ہیں۔
جی 20 کے ممالک نے اس امر پر زور دیا ہے کہ ہر ملک اپنے یہاں موجود وسائل کی مدد سے نرخوں میں استحکام لانے کی ہر ممکن کوشش کرے۔ ایک دوسرے سے رابطے کے ذریعے بھی یہ کام کیا جائے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں