سعودی معیشت بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی: وزیر خزانہ
سعودی معیشت بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی: وزیر خزانہ
جمعرات 10 ستمبر 2020 2:35
سعودی وزیرخزانہ کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ماہرین غلط ہیں۔( فوٹو اے ایف پی)
سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان نے معاشی گراوٹ سے متعلق عالمی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف )کی پیشگوئی کومسترد کیا ہے۔
محمد الجدعان نے کہا ہے کہ ’آئی ایم ایف کے ماہرین غلط ہیں۔ اس سال سعودی معیشت آ ئی ایم ایف کی پیشگوئی کے مقابلے میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ عالمی مالیاتی ادارے نے پیشگوئی کی تھی کہ سعودی عرب کی معیشت 6.8 فیصد سکڑے گی‘۔
یہ چیلنج عالمی مالیاتی ادارے کے زیر اہتمام ورچوئل فورم میں مباحثے کےدوران سامنےآیا جس میں محمد الجدعان اور آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹیلینا جارجیفا موجود تھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’2021 میں بہت صحت مند گروتھ دیکھیں گے۔ آئی ایم ایف نےآئندہ سال 3.1 فیصد گروتھ کی پیشگوئی کی ہے‘۔
سعودی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ دنیا میں سب سے زیادہ تیل پیدا کرنے والے ملک کو اس وقت دہرے چیلنج کا سامنا ہے۔ ایک جانب کرونا وائرس کی وبا کے معیشت پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں اور دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوچکی ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق محمد الجدعان نے کہا کہ ہمیں تیل منڈی کے جھٹکے اور ریونیو میں کمی کا سامنا کرنا پڑا لیکن پورے سال کے دوران اس تمام معاملے سے بخوبی نمٹنے میں کامیاب رہے ہیں۔
قبل ازیں سعودی عریبین مانیٹری اتھارٹی (ساما) کے گورنر ڈاکٹر احمد الخلیفی نے کہا تھا کہ سعودی بینک کورونا کی وبا سے متاثر نہیں ہوئے۔
انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ سعودی عرب کا مالیاتی شعبہ ماضی کی طرح آج بھی مستحکم ہے اور کل بھی رہے گا۔