تحریکِ عدم اعتماد، اپوزیشن کی تین بڑی جماعتوں کی اہم ملاقات کل
تحریکِ عدم اعتماد، اپوزیشن کی تین بڑی جماعتوں کی اہم ملاقات کل
منگل 22 فروری 2022 18:38
رائے شاہنواز -اردو نیوز، لاہور
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری بلاول ہاؤس لاہور میں ملاقات کی۔
منگل کی رات ملاقات کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’رہنماؤں کے درمیان تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے اہم گفتگو اور فیصلہ کن اقدام پر اہم مشاورت ہوئی ہے۔‘
’آصف زرداری، شہباز شریف، مولانا فضل الرحمان اور بلاول بھٹو کے مابین بدھ کو مشترکہ ملاقات کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔ یہ ملاقات لاہور میں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی رہائش گاہ پر ہوگی۔‘
مشترکہ اعلامیے کے مطابق ’قائدین نے اتفاق کیا کہ عوام کی خواہشات پوری کرنے کے لیے تندہی سے کام کریں گے اور جلد نتیجہ دیں گے۔‘
’مہنگائی کی آگ عوام کے گھروں کو جلا رہی ہے، حکومت کو گھر بھجوا کر عوام کو اس ظلم سے بچایا جاسکتا ہے۔‘
مشترکہ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ’فسطائیت اور آمریت کو پیکا ترمیمی قانون کا نام دیا گیا ہے، میڈیا اور اظہار رائے کی آزادیاں چھیننے والے حکمران سے اقتدار چھین لیں گے۔‘
’ملاقات میں قائدین نے ملک میں بدامنی اور لاقانونیت پر اظہار تشویش کیا اور کہا کہ حکمران عوام کی جان ومال اور بنیادی ضروریات پوری کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں۔‘
اس سے قبل منگل کی رات کو آصف زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے وفد کے ساتھ ملاقات میں شہباز شریف کے ہمراہ مسلم لیگ ن کا ایک وفد بھی موجود تھا۔
مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ، پارٹی سیکریٹری جنرل احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق اور پارٹی کی ترجمان مریم اورنگ زیب وفد میں شامل تھیں۔
بلاول ہاؤس پہنچنے پر سابق صدر آصف علی زرداری، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، راجا پرویز اشرف، فیصل کریم کنڈی، مخدوم احمد محمود، رخسانہ بنگش، عبد القادر شاہین اور بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان ذوالفقار علی بدر نے وفد استقبال کیا۔
بعد ازاں جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے مولانا اسعد الرحمان اور اکرم درانی بھی بلاول ہاؤس پہنچ گئے۔ آصف علی زرداری نے اپوزیشن رہنماؤں کو عشائیے کی دعوت دی تھی۔
خیال رہے کہ ایک ماہ کے دوران اپوزیشن کی دونوں بڑی پارٹیوں کی اعلٰی سطح پر یہ دوسری ملاقات تھی۔ اس سے قبل آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری لاہور میں ہی شہباز شریف کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کے لیے گئے تھے۔
ایک روز قبل جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان بھی آصف علی زرداری سے ملاقات کرچکے ہیں۔