حکومتی اتحادی جماعت پاکستان مسلم لیگ ق کے اجلاس میں اراکین سمبلی نے پٹرول، بجلی اور گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور امن و امان کی ابتر صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔
بدھ کو مسلم لیگ ق کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ چودھری پرویزالٰہی نے اپوزیشن رہنماؤں سے حالیہ ملاقاتوں پر پارٹی ارکان کو اعتماد میں لیا اور تمام ارکان اسمبلی نے چودھری پرویزالٰہی کو فیصلوں کا اختیار دے دیا۔
مزید پڑھیں
-
قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی چودھری شجاعت حسین سے ملاقاتNode ID: 644311
بیان کے مطابق اجلاس میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر سیر حاصل گفتگوکی گئی اور تمام ارکان اسمبلی نے اپنی آراء کا کھل کر اظہار کیا۔
لیگی اراکین نے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ فی الفور واپس لیا جائے۔ ارکان اسمبلی نے کہا کہ عام آدمی کو ریلیف نہ دیا گیا تو حالات سنبھالنا مشکل ہوجائے گا، حکومت غریب آدمی کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔
اس اجلاس میں چودھری پرویزالٰہی، مونس الٰہی، سینیٹر کامل علی آغا، ارکان قومی اسمبلی سالک حسین، حسین الٰہی، حافظ عمار یاسر، باؤ رضوان سمیت سینیٹ، قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی کے تمام ارکان نے شرکت کی۔
خیال رہے اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے حکومت کو ہٹانے کے لیے تحریک عدم اعتماد لانے کے اعلانات کے بعد حکومتی اتحادی جماعتوں کی اہمیت بڑھ گئی ہے اور حالیہ دنوں میں اپوزیشن کے مرکزی لیڈران بشمول شہباز شریف، آصف علی زرداری اور دیگر ق لیگ، ایم کیو ایم اور جی ڈی اے کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کر چکے ہیں۔