Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دورہ روس: ’عمران خان گیس پائپ لائن منصوبہ جلد شروع کرنے پر زور دیں گے‘

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان روس کے پہلے دو روزہ دورے پر ماسکو پہنچ گئے ہیں۔
وزیراعظم پاکستان کے آفس سے بدھ کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے ماسکو پہنچنے پر روس کے نائب وزیرخارجہ نے ان کا استقبال کیا اور ائیر پورٹ پر انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
’وزیراعظم عمران خان کا ماسکو پہنچنے پر ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا۔‘
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق وزیراعظم عمران خان روس کے صدر ولادیمیر پوتن سے ملاقات میں معاشی شراکت داری سمیت دیگر معاملات پر بات چیت کریں گے۔
اس کے علاوہ عمران خان اربوں ڈالر کے گیس پائپ لائن منصوبے کی تعمیر پر بھی زور دیں گے جو روسی کمپنیوں کے اشتراک سے شروع ہونا ہے۔
خیال رہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ ملاقات ایسے موقع پر ہو رہی ہے جب مغربی ممالک نے روس پر نئی پابندیاں عائد کردی ہیں۔
پاکستان کے وزیر توانائی کے ترجمان نے روئٹرز کو بتایا کہ دونوں ممالک کی خواہش ہے کہ گیس پائپ لائن منصوبہ جلد سے جلد شروع کیا جائے۔

پی ایم آفس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا ماسکو پہنچنے پر ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا (فوٹو: پی ایم او) 

گیارہ سو کلومیٹر طویل شمال جنوب گیس پائپ لائن کے منصوبے کا معاہدہ سال 2015 میں طے پایا تھا جس کی تعمیر کا خرچہ پاکستان اور روس نے مل کر اٹھانا تھا۔ اس کی تعمیر میں ایک روسی کمپنی کی مدد حاصل کی گئی تھی۔
روس روانہ ہونے سے پہلے وزیراعظم عمران خان نے ایک انٹرویو میں یوکرین میں کشیدہ صورت حال اور روس پر عائد پابندیوں کے پاکستان پر ممکنہ اثرات سے متعلق خدشات کا اظہار کیا تھا۔
منگل کو رشیا ٹودے کو دیے گئے انٹرویو میں وزیراعظم نے بتایا تھا کہ شمال جنوب گیس پائپ لائن منصوبے کی تاخیر کی ایک وجہ یہ ہے کہ ہم جن کمپنیوں کے ساتھ مذاکرات کررہے تھے ان پر امریکہ نے پابندیاں عائد کردی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ یہ ہے کہ ایسی کمپنی تلاش کی جائے جس پر پابندیاں نہ عائد کی گئی ہوں۔
تاہم روس پر عائد پابندیوں کے گیس پائپ لائن منصوبے پر اثرات سے متعلق کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل سے صوبہ پنجاب کے پاور پلانٹس کو درآمد شدہ قدرتی گیس پہنچائی جاسکے گی۔
پاکستان میں قدرتی گیس کی بڑھتی ہوئی کمی کے باعث بھی گیس پائپ لائن کا یہ منصوبہ خاص اہمیت کا حامل ہے۔

شیئر: