’اپوزیشن سے 25 سال پرانے واقعات،نواز شریف پر بات ہوئی‘
چوہدری شجاعے حسین کا کہنا تھا کہ آج کل ملک میں سیاسی ماحول بنا ہوا ہے۔ (فوٹو: پی پی ٹوئٹر)
سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری، شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان سے ہر قسم کے معاملات پر بات چیت ہوئی۔
جمعے کو مسلم لیگ ق کے میڈیا سیل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چوہدری شجاعت کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’ملاقات میں 20 سے 25 سال پرانے واقعات پر بھی بات ہوئی جبکہ میاں نواز شریف کے بارے میں بھی تفصیل سے باتیں ہوئیں۔‘
حال ہی میں پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور مسلم لیگ ق کے رہنماؤں کے درمیان لاہور میں ملاقاتیں ہوئی ہیں۔ اپوزیشن رہنماؤں کے درمیان حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر مشاورت ہوئی تھی۔
ق لیگ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ملاقات میں کچھ تجاویز بھی زیر غور آئیں، جن کا اس وقت ذکر قبل از وقت ہو گا۔‘
چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ اگر معاشی حالات درست نہ کیے گئے اور بے روزگاری کا مسئلہ حل نہ کیا گیا تو تمام سیاستدانوں کی سیاست ختم ہو جائے گی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آج کل ملک میں سیاسی ماحول بنا ہوا ہے، ہر جماعت کے قائدین اپنے اپنے موقف بیان کر رہے ہیں۔
’سیاست دان صرف سیاسی ملاقاتوں میں مصروف رہے، تو عوام ان پر اعتماد کرنا چھوڑ دیں گے۔‘
انہوں نے معاشی حالات پر سب سے زیادہ توجہ دیے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔