قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی چودھری شجاعت حسین سے ملاقات
اتوار 13 فروری 2022 16:00
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے مسلم لیگ ق کے رہنماؤں چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الہی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ہے۔
اتوار کو لاہور میں ہونے والی ملاقات میں مسلم لیگ ن کے رہنما ایاز صادق، رانا تنویر، خواجہ سعد رفیق، عطا اللہ تارڑ اور شبیر عثمانی بھی شامل تھے۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دیگر امور سمیت موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
میاں شہباز شریف نے اپنی اور نواز شریف کی جانب سے چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی اور ان کی مکمل صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر چودھری شجاعت حسین نے نواز شریف کا شکریہ بھی ادا کیا۔
خیال رہے کہ پیر کو پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی مسلم لیگ ق کی قیادت سے ملاقات کی تھی جس کے بعد ملک میں سیاسی تبدیلی کے حوالے سے چہ میگوئیاں ہوئی تھیں۔
اس ملاقات کے اگلے روز مسلم لیگ ق کے ترجمان سینیٹر کامل علی آغا نے کہا تھا کہ مسلم لیگ ق حکومتی جماعت تحریک انصاف کے ساتھ ہے، آصف علی زرداری اپنا ایجنڈا لے کر آئے تھے جو مسترد کر دیا گیا۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ گفتگو میں کامل علی آغا کا کہنا تھا کہ ’جب تک ریاست حکومت کے ساتھ کھڑی ہے ہم ان کے ساتھ ہیں۔‘
ایک سوال کے جواب میں کہ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ اسٹبلشمنٹ نیوٹرل ہوگئی ہے، کامل علی آغا نے کہا کہ ’جب اسٹبلشمنٹ نیوٹرل ہو جاتی ہے تو یہ حکومت کے لیے کوئی اچھی بات نہیں ہوتی۔‘
رواں ہفتے کے آغاز میں پیر کو لاہور میں مسلم لیگ ن کی مجلس عاملہ کا اجلاس بھی ہوا تھا جس میں موجودہ حکومت کو ہٹانے کے لیے تمام آئینی اور قانونی اقدامات اٹھانے کا اختیار نواز شریف کو دے دیا گیا تھا۔
منگل کو حکومت کے ایک اور اتحادی متحدہ قومی مومنٹ کے ایک اعلیٰ سطح کے وفد نےعامر خان کی قیادت میں لاہور میں شہباز شریف سے ملاقات کی تھی۔
اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے آپس میں اور حکومت کے اتحادیوں سے رابطوں میں تیزی اور حکومت کی جانب سے رابطہ عوام مہم شروع کرنے کے بعد ممکنہ سیاسی تبدیلی کے حوالے سے بحث از سر نو شروع ہوگئی ہے۔