مملکت میں غذائی اجناس کے حوالے سے تشویش نہیں: وزیر پانی و زراعت
انجینیئر عبدالرحمن بن عبدالمحسن الفضلی کے مطابق روس اور یوکرین بحران سے مملکت کی منڈیاں متاثر نہیں ہوں گی۔ فوٹو: ٹوئٹر
وزیر ماحولیات پانی و زراعت اور غذائی کمیٹی کے چیئرمین انجینیئر عبدالرحمن بن عبدالمحسن الفضلی نے کہا ہے کہ مملکت میں غذائی اشیا کے وافر ذخائر موجود ہیں۔ روس، یوکرین بحران کے سبب سعودی عرب کی منڈیوں میں اجناس کے حوالے سے تشویش کی کوئی بات نہیں۔
عاجل نیوز کے مطابق فوڈ سکیورٹی کمیٹی کے چیئرمین نے مزید کہا ’مملکت میں غذائی تحفظ کی بہترین حکمت عملی مرتب کی گئی ہے جس کے تحت مقررہ کمیٹیوں نے مقامی سپلائی کے استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے بنیادی غذائی اجناس کے ذخیرے کو مستحکم کیا ہے۔‘
انجینیئر الفضلی نے کہا کہ مختلف اقسام کی غذائی اجناس کی سپلائی چین محفوظ و مستحکم ہے جبکہ بہت سی بنیادی اشیائے خورد و نوش کی مقامی سطح پر پیداوار ہوتی ہے۔ فوڈ سکیورٹی کمیٹی کی جانب سے غذائی اشیا کے حوالے سے مقامی مارکیٹ کی طلب پر مسلسل نظر رکھی جاتی ہے جس کا مقصد سپلائی کو بحال رکھنا ہے تاکہ منڈیوں میں کسی قسم کا بحران نہ ہو۔
انہوں نے واضح کیا کہ مملکت میں بنیادی خوراک کی اشیا جن میں گندم، چاول، چینی، کھانے کے تیل، گوشت، پولٹری مصنوعات، فش، ڈیری مصنوعات، پھل اور لوبیا کے علاوہ میویشیوں کے لیے سبز چارے کے وافر ذخائر موجود میں جن کے حوالے سے کسی قسم کا اندیشہ نہیں۔