Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آسٹریلیا کے خلاف بہتر کارکردگی کے لیے بابر اعظم نے فارمولہ پیش کر دیا

بابراعظم کی قیادت میں پاکستانی ٹیم چار مارچ کو آسٹریلیا کے خلاف پہلا ٹیسٹ کھیلے گی (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
آسٹریلیا کے خلاف سیریز کی تیاری کرتی پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے قومی ٹیم کی بہتر کارکردگی کا فارمولہ پیش کرتے ہوئے کھلاڑیوں کو منفی باتوں سے دور رہنے کی تلقین کی ہے۔
ٹیم کی بہتر کارکردگی سے متعلق راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ’ہم ایک دوسرے کو سپورٹ کریں گے اور اس کی مدد کریں گے، یہ نہیں کہ اپنا کر کے ایک سائیڈ پر ہو جائیں۔‘
گفتگو کے دوران اپنے قریب کھڑے سابق کپتان سرفراز احمد کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے بہت اچھا لگا کل جس طرح سیفی بھائی نے تھرو کرائی۔ یہ ٹیم کی بونڈنگ ہوتی ہے۔
کھلاڑیوں کے باہمی تعلق سے متعلق بابر اعظم نے کہا کہ ’جو مرضی ہو ہم رہیں گے اکٹھے ہی۔ اکٹھے رہیں گے تو ٹیم کی کارکردگی کہیں بہتر ہو جائے گی۔‘
’خود پر یقین کریں اور اسے ہی یاد رکھیں کوئی نیگیٹو بات نہیں کرے گا۔‘ کہتے ہوئے بابراعظم نے کہا ’کوئی بھی منفی بات نہیں کرے گا، ہم بیسٹ ہیں اور اسے ہی جاری رکھیں گے۔

 

پاکستان کے دورے پر 24 برس بعد آنے والی آسٹریلین ٹیم راولپنڈی کے سٹیڈیم میں چار مارچ کو گرین شرٹس کے مقابل آئے گی۔
آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لیے اعلان کردہ سکواڈ میں شامل چار کھلاڑی حسن علی، فہیم اشرف، حارث رؤف اور محمد نواز انجری اور کورونا ٹیسٹ مثبت ہونے کے باعث ٹیم کو دستیاب نہیں رہے۔
ایک جانب آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل پاکستانی ٹیم کی تیاریاں جاری ہیں تو دوسری جانب شائقین کرکٹ کا جوش وخروش بھی عروج پر ہے۔
راولپنڈی ٹیسٹ سٹیڈیم میں دیکھنے کے خواہشمندوں کی دلچسپی کا ایک ثبوت یہ بھی ہے کہ ابتدائی میچ کے پانچوں دن کے 50 فیصد ٹکٹ تین روز قبل ہی فروخت ہو چکے ہیں۔

شیئر: