آسٹریلیا میچ سے قبل حارث رؤف کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا
منگل 1 مارچ 2022 14:35
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
حارث رؤف آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستانی سکواڈ کا حصہ ہیں۔ (تصویر: اے ایف پی)
آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا ہے اور ان کی جگہ فاسٹ بولر نسیم شاہ کو سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق کورونا وائرس ٹیسٹ کے مثبت آنی کے بعد فاسٹ بولر نے خود کو آئسولیٹ کرلیا ہے۔
واضح رہے حارث رؤف آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے اعلان کردہ 15 رکنی سکواڈ کا حصہ تھے۔ اس سے قبل انجریز کے سبب فاسٹ بولر حسن علی ، آلراؤنڈر محمد نواز اور فہیم اشرف بھی آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔
شیڈول کے مطابق آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان پہلا ٹیسٹ 4 سے 8 مارچ کو راولپنڈی، 12 سے 18 مارچ کو کراچی اور 21 سے 25 مارچ کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔
تینوں ایک روزہ میچ 29 مارچ، 31 مارچ اور 2 اپریل کو راولپنڈی سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ جبکہ واحد ٹی 20 میچ 5 اپریل کو راولپنڈی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔