ویمنز ورلڈکپ: انڈیا نے پاکستان کو شکست دے دی
اتوار 6 مارچ 2022 9:20
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
یہ میگا ایونٹ میں دونوں ٹیموں کا پہلا میچ ہے۔ (تصویر: اے ایف پی)
ویمنز ورلڈکپ میں نیوزی لینڈ کے شہر ماؤنٹ ماؤنگنائی میں کھیلے جانے والے میچ میں انڈیا نے پاکستان کو107 رنز سے شکست دے دی ہے۔
اتوار کو ماؤنٹ ماؤنگنانی میں انڈٰیا کی کپتان متھالی راج نے ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 244 رنز بنائے۔
انڈیا کی جانب سے تین کھلاڑیوں سمرتی مندھانا، سنیھ رانا اور پوجا وستراکر نے نصف سینچریاں سکور کیں۔
سمرتی نے 75 گیندوں پر 52، سنیھ رانا نے 48 گیندوں پر 53 اور پوجا وستراکر نے 59 گیندوں پر 67 رنز بنائے۔
جبکہ پاکستان کی جانب سے نشرا سندھو، ندا ڈار نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ ڈیانا بیگ، انعم امین اور فاطمہ ثنا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
245 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم انڈین کی بولنگ کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 43 اوورز میں 137 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئی۔
پاکستان کی جانب سے اوپنر سدرہ امین نے 64 گیندوں پر 30 رنز اور ڈیانا بیگ نے 35 گیندوں 24 رنز بنائے۔
ان دونوں کے علاوہ کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی بیس کے ہندسے میں داخل نہیں ہوسکا۔
دیگر خواتین کھلاڑیوں جویریہ خان نے 11، کپتان بسمہ معروف نے 25 15، عمیمہ سہیل نے پانچ، ندا ڈار نے چار، عالیہ ریاض نے 11، فاطمہ ثنا نے 17، سدرہ نواز نے 12 اور انعم امین نے پانچ رنز بنائے۔
انڈیا کی جانب سے راجیشوری گائیکواڈ نے 10 اوورز میں 31 رنز دے کر چار پاکستانی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جھولن گوسوامی اور سنیھ رانا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ میگھنا سنگھ اور دیپتی شرما کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔