راولپنڈی ٹیسٹ: آسٹریلیا کے 449 رنز، نعمان علی کی چار وکٹیں
سٹیو سمتھ بھی اپنی نصف سینچری مکمل کر چکے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
راولپنڈی میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ کے چوتھے روز بھی کھیل کم روشنی کے باعث مقررہ وقت سے پہلے ختم کر دیا گیا ہے۔
پیر کو جب کھیل ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تو اس وقت آسٹریلیا کی ٹیم نے سات وکٹوں کے نقصان پر 449 رنز بنائے تھے جبکہ مچل سٹارک 12 اور پیٹ کمنز چار رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
سٹیو سمتھ 78 اور کیمرون گرین 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا اور چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ ساجد خان، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔
آسٹریلیا کی پہلی اننگز میں دو بلے باز اپنی سینچری مکمل نہ کر سکے۔ عثمان خواجہ 97 اور مارنس لابوشین 90 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ڈیوڈ وارنر نے 68 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ٹریوس ہیڈ صرف آٹھ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
خیال رہے کہ گذشتہ رات راولپنڈی میں شدید بارش کی وجہ سے گراؤنڈ میں پانی جمع ہو گیا تھا جس کی وجہ سے پیر کو کھیل تاخیر سے شروع ہوا تھا۔
جبکہ تیسرے روز کا کھیل بھی بارش اور کم روشنی کے باعث جلد ختم کرنا پڑا تھا۔
اس سے قبل پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 476 رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئر کر دی تھی۔
پاکستان کی جانب سےپہلی اننگز میں اظہر علی 185 اور امام الحق 157 رنز کے ساتھ نمایاں رہے تھے۔ آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن لائن، پیٹ کمنز اور مارکس لبوشین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی تھی۔
ٹیسٹ کے لیے پاکستان کی ٹیم میں کپتان بابر اعظم کے علاوہ امام الحق، عبداللہ شفیق، اظہر علی، فواد عالم، افتخار احمد، محمد رضوان، نعمان علی، ساجد خان، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ شامل ہیں۔
دوسری جانب آسٹریلیا کی ٹیم میں کپتان پیٹر کمنز، عثمان خواجہ، ڈیوڈ وارنر، مارنس لامبوشین، سٹیون سمتھ، ٹریوس ہیڈ، کیمرون گرین، الیکس کیری، مچل سٹارک، ناتھن لائن اور جوش ہیزل وڈ شامل ہیں۔
خیال رہے کہ سال 1998 کے بعد سے آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 24 برس بعد پاکستان کی سرزمین پر ہونے والی تاریخی ٹیسٹ سیریز کا آغاز جمعرات کو ہوا تھا۔