پاکستان میں پتنگ اڑانے پر پابندی لگے دو دہائی سے زائد کا عرصہ ہو چکا ہے، لیکن اس کھیل کی سماج میں جڑیں اتنی مضبوط ہیں کہ آج بھی اس کو مکمل طور پر ختم نہیں کیا جا سکا۔
پتنگ بازی پر پابندی کا بنیادی محرک اس کھیل میں استعمال ہونے والی وہ دھاتی اور کیمیکل لگی تار ہے جس کی وجہ سے ہر سال درجنوں جانیں ضائع ہوتی ہیں۔
پنجاب کے وزیر اعلیٰ چاہے شہباز شریف ہوں یا عثمان بزدار دونوں اس معاملے پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی رکھتے رہے ہیں اور پولیس کو پتنگ بازی پر لگی پابندی پر مکمل عمل درآمد کروانے کا دائمی حکم ملا ہوا ہے۔ پولیس کو یہ بتا دیا گیا ہے کہ کسی بھی علاقے میں پتنگ اڑتی دیکھی گئی یا کٹی پتنگ کی ڈور سے کوئی حادثہ رونما ہوا تو اس علاقے کا ایس ایچ او اس کا ذمہ دار ہو گا۔
مزید پڑھیں
-
’خان صاحب! ہماری دفعہ بسنت پر پابندی؟‘Node ID: 457866
-
سیالکوٹ میں پتنگ بازی کرنے والا پولیس اہلکار گرفتارNode ID: 471491
-
تائیوان میں پتنگ تین سالہ بچی کو لے اُڑیNode ID: 502121
لیکن اتنی سخت پابندی اور احکامات کے باوجود آج بھی ملک بھر میں بالعموم اور لاہور میں بالخصوص پتنگوں اور کیمیکل لگی ڈور کی فروخت جاری ہے۔
اس ڈور کی وجہ سے گزشتہ دومہینوں میں دو انسانی جانیں ضائع اور 47 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
فروری اور مارچ یعنی بہار کا موسم پتنگ بازوں کا محبوب موسم کہلاتا ہے۔ کسی دور میں بسنت بھی اسی موسم میں ہوا کرتی تھی۔ لیکن ان جانوں کے ضیاع کے باعث اس وقت پنجاب بھر میں پتنگ بازوں اور پتنگ سازوں کے خلاف کارروائی جاری ہے۔
دوسری طرف پتنگ ساز مختلف جدید طریقے استعمال کر کے پتنگیں اور ڈوریں بیچنے میں مصروف ہیں۔
پتنگ ساز خفیہ کاروبار کیسے چلاتے ہیں؟
پتنگ بیچنے والوں نے اب پولیس کی نظروں سے بچنے کے لیے نت نئے طریقے ڈھونڈ لیے ہیں۔ لیکن جو طریقہ سب سے زیادہ کارآمد ثابت ہو رہا ہے وہ ہے سوشل میڈیا کا استعمال۔
غیر قانونی کاروبار کرنے والے پتنگ فروش سوشل میڈیا کی مختلف ایپس استعمال کر کے اپنی تیار کردہ مختلف پتنگوں اور ڈوروں کی تصویریں وہاں شیئر کرتے ہیں اور گاہکوں سے رابطہ ہو جانے کے بعد پھر خفیہ مقام پر اپنی چیزیں طے شدہ قیمت کے بدلے ان کے حوالے کر دیتے ہیں۔

پنجاب پولیس کے ڈی آئی جی آپریشنز کامران عادل نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’پتنگ ساز اب سوشل میڈیا کے ذریعے لوگوں سے رابطے میں آتے ہیں۔ چاہے وہ واٹس ایپ ہو، یا فیس بک یا انسٹا گرام وہ مختلف گروپس میں اپنے نئے سٹاک کی تصاویر شئیر کرتے ہیں۔ جنہیں لوگ خریدتے ہیں۔‘
پولیس خفیہ پتنگ فروشوں کا نیٹ ورک کیسے توڑتی ہے؟
کامران عادل کے مطابق پولیس کو پتنگ فروشوں کی سوشل میڈیا سرگرمیوں کا علم ہوا تو انہوں نے ان کے نیٹ ورکس توڑنے کے لیے انہی کے طریقے اپنانے کا فیصلہ کر لیا۔
’ہمارے کئی افسران نے شناخت تبدیل کر کے ایسے افراد کو سوشل میڈیا سے ٹریپ کیا اور پتنگ خریدنے کے بہانے ان کو گرفتار کرلیا۔‘
کامران عادل کا کہنا ہے کہ پولیس پتنگ بازوں کو پکڑنے کے لیے ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال بھی کر رہی ہے۔ اسی طرح طاقتور دوربینوں کی مدد سے بھی ان لوگوں کو ٹریس کیا جاتا ہے جو چھپ کر اپنے گھروں کی چھتوں پر پتنگ بازی کر رہے ہوتے ہیں۔
فیصل آباد میں پتنگ سازوں کی نظربندی
فیصل آباد پولیس نے پتنگ سازوں کی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے ایک مختلف اور غیر روایتی طریقہ اپنایا ہے۔
