پاکستان او آئی سی کے رکن ممالک کے درمیان تعمیری کردار کا خواہاں: سیکریٹری خارجہ
گزشتہ برس دسمبر میں او آئی سی کے وزرائے خارجہ کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان نے کہا ہے کہ وہ اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان تعاون اور شراکت داری کے لیے تعمیری کردار کا خواہاں ہے۔
جمعے کو سیکریٹری خارجہ سہیل محمود نے پاکستان میں موجود اسلامی تعاون تنظیم کے مشنز کے سربراہوں سے ملاقات کی اور انہیں اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے 48 ویں اجلاس کی تیاریوں کے بارے میں آگاہ کیا۔
اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس 22 اور 23 مارچ کو کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکریٹری خارجہ نے گذشتہ برس دسمبر میں او آئی سی وزرائے خارجہ کے17 ویں اجلاس کے کامیاب انعقاد میں رکن ممالک کے مشنز کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’اسلامی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کے 48 ویں اجلاس کی خاص اہمیت اس لیے بھی ہے کہ یہ پاکستان کی 75 ویں سالگرہ کے موقعے پر منعقد ہورہا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ اس اہم دن کے موقعے پر معزز مہمانوں کے استقبال کے لیے پاکستانی عوام منتظر ہیں۔
سیکریٹری خارجہ نے رکن ممالک کے مشنز کے سربراہوں سے کہا کہ ’اس اجلاس کا موضوع، اتحاد، انصاف اور ترقی ہے۔ پاکستان کی رکن ممالک کے درمیان اتحاد کو فروغ دینے، مسلمانوں کے لیے انصاف کے حصول کو بڑھانے اور او آئی سی کے تمام رکن ممالک کے لیے جامع اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے عزم کی نمائندگی کرتا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک اور دیگر ملکوں کے درمیان تعاون اور شراکت داری کے لیے تعمیری کردار کا خواہاں ہے۔
او آئی سی کے 17 ویں اجلاس میں افغانستان میں انسانی صورت حال، وزرائے خارجہ کی جانب سے افغانستان کے لیے فنڈ کے قیام، او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کے خصوصی ایلچی کا تقرر اور کابل میں او آئی سی کے مشن کو مضبوط کرنے پر اتفاق سمیت کیے گئے فیصلوں کا جائزہ اس 48 ویں اجلاس کے دوران لیا جائے گا۔
او آئی سی کے رکن ممالک کے مشنز کو وزرائے خارجہ اجلاس کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور ان کو انتطامات کے حوالے سے بھی تفصیلات فراہم کی گئیں۔
سیکریٹری خارجہ نے مزید کہا کہ تمام وفود کے سربراہان کو یوم پاکستان کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی مدعو کیا جائے گا۔