Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں باکسنگ کا عالمی مقابلہ، ’محمد وسیم رِنگ میں‘

محمد وسیم بیرون ملک پروفیشنل باکسنگ کے کئی مقابلے کھیل چکے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
ورلڈ باکسنگ کونسل پہلی بار پاکستان میں پروفیشنل باکسنگ کے مقابلے کا انعقاد کرے گا۔
عالمی شہرت یافتہ پاکستانی باکسر محمد وسیم اگلے ماہ لاہور میں مڈل ایسٹ ٹائٹل کے لیے میکسیکن کھلاڑی کے خلاف رنگ میں اتریں گے۔
سابق ڈبلیو بی سی سلور ورلڈ چیمپئن باکسر محمد سیم نے اردو نیوز کو ٹیلی فون پر بتایا کہ یہ تاریخی میگا ایونٹ 19 دسمبر کو لاہور کے گورنر ہاؤس میں سجے گا جس کے لیے بھرپور تیاریاں جاری ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پہلی بار باکسنگ کا اتنا بڑا ایونٹ ہونے جا رہا ہے۔
اس سے پہلے پاکستان میں کبھی پروفیشنل باکسنگ کا ٹائٹل ایونٹ نہیں ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ باکسنگ کونسل کے زیر اہتمام ہونے والے اس مقابلے کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے اہم کردار ادا کیا جس پر وہ ان کے مشکور ہیں۔
عامر خان نے اپنے فیس بک پیج پر محمد وسیم کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نمبر ون محمد وسیم پہلی بار لاہور میں فائٹ کریں گے اور یہ ایونٹ پاکستان کے سرکاری ٹیلی ویژن پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔
انہوں نے محمد وسیم کا ویڈیو پیغام بھی شیئر کیا۔

محمد وسیم کے مطابق وہ بیرون ملک پروفیشنل باکسنگ کے کئی مقابلے کھیل چکے ہیں مگر اپنے ملک میں یہ ان کا پہلا مقابلہ ہے اس لیے وہ اس ایونٹ کے لیے بہت پرجوش اور خوش ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وہ مقابلے کی تیاری کے لیے گذشتہ دو ماہ سے سکاٹ لینڈ میں ٹریننگ کر رہے ہیں۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ اس مقابلے کو جیت کر پاکستان کو دوبارہ ٹائٹل دلائیں گے۔
خیال رہے کہ یہ مقابلہ جیتنے کی صورت میں محمد وسیم ورلڈ ٹائٹل کے لیے دوبارہ کوالیفائی کرلیں گے۔ پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے محمد وسیم باکسنگ کی دنیا میں فالکن کے نام سے پہچانے جاتے ہیں۔ وہ پہلے پاکستانی باکسر ہیں جو2016 میں ورلڈ باکسنگ کونسل کے فلائی ویٹ کیٹگری میں ورلڈ چیمپئن بنے۔
سولہ سالہ کیریئر میں محمد وسیم پروفیشنل باکسنگ میں 11 میں سے 10 مقابلے جیت چکے ہیں، جن میں سات بار انہوں نے اپنے حریفوں کو ناک آؤٹ کیا جبکہ ورلڈ کامبٹ گیمز، کامن ویتھ، ایشیئن گیمز اور ساؤتھ ایشیئن گیمز سمیت امیچور باکسکنگ میں بھی انہوں نے 12 میڈلز جیتے ہیں۔

محمد وسیم  ڈبلیو بی سی سلور ورلڈ چیمپئن رہ چکے ہیں (فوٹو: فیس بک)

33 سالہ باکسر نے گذشتہ سال نومبر میں دبئی میں کھیلے جانے والے مقابلے میں تین بار لائٹ فلائی ویٹ کیٹیگری میں عالمی چیمپئن رہنے والے میکسیکو کے باکسر گینگان لوپیز کو شکست دی۔
محمد وسیم کے بھائی فہیم احمد نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بھائی کی پاکستان میں پہلی فائٹ پر پورا خاندان خوش ہے۔
’ہم ایونٹ کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ میدان میں جاکر یہ مقابلہ دیکھیں۔‘
 ان کا کہنا تھا کہ ہمیں یقین ہے کہ محمد وسیم مقابلہ جیت کر پاکستان کا نام روشن کریں گے۔

شیئر: