کراچی ٹیسٹ: پہلے روز آسٹریلیا کے 3 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز
آسٹریلیا کے لیگ سپنر مچل سویپسن کراچی ٹیسٹ میں ڈیبیو کر رہے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل کے اختتام تک آسٹریلیا نے تین وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز بنا لیے ہیں۔
سنیچر کو کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے اوپنر عثمان خواجہ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سینچری بنائی، وہ 127 رنز پر کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے ایک چھکے اور 12 چوکوں کی مدد سے 193 گیندوں پر سنچری مکمل کی۔
اوپنر ڈیوڈ وارنر 36 رنز بنانے کے بعد فہیم اشرف کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ سٹیو سمتھ نے 72 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد حسن علی کی بال پر آؤٹ ہوگئے، فہیم اشرف نے ان کا کیچ لیا۔
آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر 36 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد مارنس لبوشین کھاتہ کھولے بغیر رن آؤٹ ہوگئے۔
آسٹریلیا نے لیگ سپنر مچل سویپسن کو ٹیسٹ کیپ دی ہے اور وہ کراچی میں اپنے ٹیسٹ کیریئر کا ڈیبیو کررہے ہیں۔
پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس کے بعد بتایا کہ ’ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ فہیم اشرف اور حسن علی کو شامل کیا گیا جبکہ افتخار احمد اور نسیم شاہ کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔
آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے کا کہنا تھا کہ ’پچ بہتر نظر آرہی ہے اور ٹیم کی نظر پہلے کھیل کر بڑا سکور کرنے پر ہے۔‘
خیال رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا تین میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ راولپنڈی میں ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا تھا۔
راولپنڈی ٹیسٹ میچ کے لیے بنائی گئی پِچ پر ماہرین کی جانب سے سخت تنقید کی گئی تھی اور آئی سی سی کی جانب سے بھی اسے غیر معیاری قرار دیا گیا تھا۔