پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا: 24 سال کے بعد کھیلا گیا راولپنڈی ٹیسٹ میچ ڈرا
پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا: 24 سال کے بعد کھیلا گیا راولپنڈی ٹیسٹ میچ ڈرا
منگل 8 مارچ 2022 9:11
راولپنڈی میں پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین 24 سال کے بعد پاکستانی سرزمین پر کھیلی جا رہی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا ہے۔
پاکستانی اوپنرز امام الحق اور عبداللہ شفیق نے دوسری اننگز میں سینچریاں سکور کیں۔ پاکستان نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 252 رنز بنائے۔ عبداللہ شفیق 136 اور امام الحق 111 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
امام الحق کو دونوں اننگز میں سینچریاں بنانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ پہلی اننگز میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 459 کے سکور پر آؤٹ ہو گئی تھی اور پاکستان کو پہلی اننگز میں 17 رنز کی برتری حاصل ہو گئی تھی۔
اس سے قبل پاکستان نے 476 سکور چار کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈیکلیئر کر دی تھی۔
راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ کے آخری روز کے کھیل کا آغاز آسٹریلیا نے 449 رنز سے کیا جبکہ اس کے سات کھلاڑی پہلے ہی آؤٹ ہو چکے تھے تاہم پاکستانی بولرز نے شاندار کا کارکردگی کا مظاہرہ کرتے مزید کھلاڑیوں کو جلد پویلین کی راہ دکھائی۔
455 کے مجموعی سکور پر آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کو نعمان علی نے آؤٹ کر دیا جبکہ اگلے ہی اوور میں شاہین آفریدی نے مچل سٹارک کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔
اگلے ہی اوور میں نعمان نے نتھن لیون کو تین رنز پر آؤٹ کر دیا۔
پاکستان کی جانب سے نعمان نے چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شاہین آفریدی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
اسی طرح نسیم شاہ اور ساجد خان نے دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔
قبل ازیں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
امام الحق نے 157 اور اظہر علی نے 185 رنز بنائے تھے اور پاکستان کا مجموعی سکور 245 تھا۔
میچ کے دوران آسٹریلوی بولر پاکستانی بلے بازوں کے سامنے بے بس نظر آئے۔
اس سے قبل پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 476 رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئر کر دی تھی۔
پاکستان کی جانب سےپہلی اننگز میں اظہر علی 185 اور امام الحق 157 رنز کے ساتھ نمایاں رہے تھے۔ آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن لائن، پیٹ کمنز اور مارکس لبوشین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی تھی۔
خیال رہے کہ سال 1998 کے بعد سے آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 24 برس بعد ٹیسٹ سیریز کا آغاز جمعرات کو ہوا تھا۔