’یوکرینی فوج مختلف علاقوں میں روسی افواج پر جوابی حملے کر رہی ہے‘
’یوکرینی فوج مختلف علاقوں میں روسی افواج پر جوابی حملے کر رہی ہے‘
اتوار 13 مارچ 2022 21:24
اتوار کو روس کے میزائل حملوں سے 35 افراد ہلاک ہوئے (فوٹو اے ایف پی)
یوکرینی حکام نے کہا ہے کہ ملک کے جنوبی اور مشرقی علاقوں میں ان کی فوج روسی فورسز پر جوابی حملے کر رہی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادرے روئٹرز کے مطابق اتوار کو یوکرین کی وزارت داخلہ کے عہدیدار سے پوچھا گیا کہ ’کیا روسی فوج دارالحکومت کیئف کی ناکہ بندی کر رہی ہے تو ان کا کہنا تھا کہ ’اس وقت کوئی ناکہ بندی نہیں اور نہ مستقبل قریب میں اس کا کوئی امکان ہے۔‘
تاہم روئٹرز یوکرین کے روس پر جوابی حملے کی تصدیق نہیں کر سکا۔
دوسری جانب یوکرین کے ڈپٹی وزیراعظم نے ٹی وی پر ایک انٹرویو میں کہا کہ جنگ زدہ علاقوں سے ڈیڑھ لاکھ کے قریب لوگوں کو نکالا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ روس کی بمباری کی وجہ سے انسانی امداد والا قافلہ ماریوپول نہیں پہنچ سکا۔ ’اسے برڈیانسک میں روک دیا گیا ہے اور کل دوبارہ ماریوپول پہنچنے کی کوشش کی جائے گی۔‘
اس سے قبل اتوار کو یوکرینی حکام نے کہا تھا کہ روسی افواج کے پولینڈ کی سرحد کے قریب ایک اہم عسکری تنصیب پر میزائل حملہ سے 35 افراد ہلاک، جبکہ 134 زخمی ہو گئے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق یوکرین کے مغربی شہر لوائیو کے گورنر نے کہا تھا کہ ’مجھے یہ اعلان کرنا ہے کہ بدقسمتی سے ہم نے مزید ہیرو کھو دیے ہیں۔ انٹرنیشنل پیس کیپنگ اینڈ سکیورٹی سنٹر پر حملے میں 35 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔‘
یوکرین کے صدر ولودومیر زیلینسکی نے سنیچر کو ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ ’ہمیں لڑائی جاری رکھنی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ یوکرین کی جانب سے روسی فوج کے 31 ٹیکٹیکل گروپس کو شکست دینے کے بعد روس مزید فوجیں بھجوا رہا ہے۔
اس سے قبل یوکرین کے صدر نے کہا تھا کہ تین ہفتوں سے جاری اس جنگ کے دوران تقریباً ایک ہزار 300 یوکرینی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں، ساتھ ہی انہوں نے مغربی ممالک پر زور دیا کہ وہ امن مذاکرات میں شامل ہوں۔
دوسری جانب روسی نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوو نے بڑھتی ہوئی کشیدگی کا ذمہ دار امریکہ کو ٹھہراتے ہوئے کہا کہ مغربی ممالک کی جانب سے یوکرین کو ہتھیاروں کی ترسیل سے بھی صورتحال پیچیدہ ہوئی ہے جن کو نشانہ بنانا روس جائز سمجھتا ہے۔