Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کوئٹہ میں کوئلہ کان میں گیس بھرنے سے تین کان کن ہلاک

کان میں پھنسے تمام چھ کانکنوں کو باہر نکالا گیا تو اس میں سے تین کانکن دم توڑ چکے تھے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
کوئٹہ میں کوئلہ کان میں پیش آنے والے ایک حادثے کے نتیجے میں تین کان کن ہلاک ہوگئے۔
مائنز انسپکٹر کوئٹہ محمد عاطف کے مطابق حادثہ کوئٹہ کے نواحی علاقے سورینج میں پیش آیا جہاں ایک نئی کوئلہ کان کھودنے کا کام کیا جارہا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ تقریباً سو فٹ کی گہرائی میں ایک کان کن گیس بھرنے کی وجہ سے بے ہوش ہوا جسے نکالنے کی کوشش کے دوران پانچ مزید کان کن بے ہوش ہوئے۔
تمام چھ کانکنوں کو باہر نکالا گیا تو اس میں سے تین کانکن دم توڑ چکے تھے۔
مرنے والے تینوں کان کنوں کا تعلق کوئٹہ کے ایک ہی خاندان سے بتایا جاتا ہے جن میں نواں کلی کے رہائشی دو بھائی عبداللہ اور نصیب اللہ بھی شامل ہیں۔
مائنز انسپکٹر کے مطابق حادثے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔
خیال رہے کہ یہ کوئٹہ میں دو ماہ کے دوران کوئلہ کان میں پیش آنے والا دوسرا بڑا حادثہ ہے۔ اس سے قبل فروری میں کوئٹہ کے علاقے سرہ غڑگئی میں پانچ کان کن گیس سے دم گھٹنے کے باعث ہلاک ہوگئے تھے۔
مزدور تنظیموں کا کہنا ہے کہ کوئلہ کانوں میں حفاظتی انتظامات اور آلات نہ ہونے کی وجہ سے ہر سال بلوچستان میں اوسطاً سو سے زائد کان کن ہلاک ہوجاتے ہیں۔

شیئر: