Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی امدادی ادارے کا یونیسیف کے ساتھ یمن میں محفوظ پانی کی فراہمی کے لیے معاہدہ

5 بلین ڈالر کی لاگت کے منصوبے سے 33 ہزار افراد مستفید ہوں گے(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے یونیسیف کے ساتھ یمن کے صوبوں مارب، الجوف، حجتہ  اور صعدہ میں پینے اور انسانی استعمال کے لیے محفوظ پانی کی فراہمی کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق 5 بلین ڈالر کی لاگت کے اس منصوبے سے 33 ہزار افراد مستفید ہوں گے۔
 معاہدے پر شاہ سلمان مرکز کے اسسٹنٹ جنرل سپروائزر برائے آپریشنز اینڈ پروگرامز احمد بن علی البیز اور خلیج کے لیے یونیسیف کے نمائندے الطیب آدم نے ریاض میں مرکز کے ہیڈ کوارٹر میں دستخط کیے۔
 معاہدے کا مقصد یمن کے ضرورت مند ترین علاقوں کے لیے پینے کا صاف پانی فراہم کرنا، آلودہ پانی پینے کے نتیجے میں  پیدا ہونے والی بیماریوں کے واقعات کو کم کرنے،حفظان صحت اور صفائی کو فروغ دینا ہے۔
معاہدے کے مطابق سات آبی وسائل کو ان کے لوازمات کے ساتھ پمپ، ایکسٹینشن، پانی اور شمسی ٹینک سے بحال کیا جائے گا۔
مارب میں بے گھر افراد کے کیمپوں کے لیے 73 ٹائلٹس جائیں گے اور تمام ٹارگٹ علاقوں میں 12 ہیلتھ ایجوکیشن کورسز کرائے جائیں گے تاکہ ماحولیات اور صحت سے متعلق آگاہی پیدا کی جا سکے۔
یہ معاہدہ یمن میں پانی کے شعبے کو فروغ دینے اور صحت مند ماحول پیدا کرنے کے لیے مملکت کی طرف سے پیش کردہ انسانی اور امدادی منصوبے کے نظام کا حصہ ہے جس کی نمائندگی شاہ سلمان مرکز کرتا ہے۔

یمنی صوبوں مارب، الجوف، حجہ اور صعدہ میں پینے کا پانی فراہم ہو گا( فوٹو ایس پی اے)

 شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے یمن میں 4 بلین ڈالر سے زیادہ کی لاگت سے 684 منصوبے نافذ کیے ہیں۔
شاہ سلمان مرکز برائے اپنے قیام کے بعد سے یمنی بھائیوں کو پناہ، خوراک، صحت اور تعلیم سمیت مختلف اقسام کی انسانی امداد فراہم کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے77 ممالک میں مختلف قسم کے 1814 امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔
یہ منصوبے 144 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں پر5.5  بلین ڈالرکی رقم خرچ کی گئی ہے۔

شیئر: