شاہ سلمان مرکز کے تحت یمن میں ریسکیو تربیتی منصوبے کا افتتاح
منصوبے سے ایک ہزار 300 افراد مستفید ہوں گے( فوٹو ایس پی اے)
کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے یمن کے حضرموت گورنریٹ کے المكلا شہر میں سرچ اور ریسکیو کے تربیتی منصوبے کا افتتاح کیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق یہ منصوبہ مختلف موضوعات پر سات تربیتی کورسز پر مشتمل ہے جن میں ابتدائی طبی امداد، نابینا افراد اور خصوصی ضروریات کے حامل افراد کے لیے ابتدائی طبی امداد، آگ بجھانے اور نفسیاتی امداد شامل ہیں جن سے ایک ہزار 300 افراد مستفید ہوں گے۔
اس منصوبے کا مقصد صحت اور انسانی امداد کے کارکنوں اور ہنگامی شعبوں میں رضاکاروں کی صلاحیتوں کو بڑھانا ہے جس میں تمام فائدہ اٹھانے والوں کو بین الاقوامی لائسنس جاری کیے جائیں گے۔
کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹرنے یمن میں 3.9 بلین ڈالر سے زیادہ کی لاگت کے 647 منصوبے نافذ کیے ہیں۔
کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کے پروگراموں میں خوراک کی حفاظت، پانی کی صفائی اور حفظان صحت، صحت، تعلیم، ہنگامی امداد اور غذائیت شامل ہیں۔
کنگ سلمان ہیومینیٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے77 ممالک میں مختلف قسم کے 1814 امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔
یہ منصوبے 144 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں پر 5.5 بلین ڈالر کی رقم خرچ کی گئی ہے۔
کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں 3.9 ملین ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
اس کے علاوہ فلسطین میں 368 ملین ڈالر، شام میں 322 ملین ڈالر اور صومالیہ میں 209 ملین ڈالر کے منصوبے شامل ہیں۔