شیخوپورہ ...وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے کہاہے کہ ہندوستانی وزیر اعظم کے دورہ کشمیر کے دوران احتجاجی مظاہرے کشمیری عوام کے جذبات کی عکاسی کرتے ہیں۔ پاکستان کشمیر ، پانی سمیت دےگر تصفیہ طلب امور کے لئے با مقصد بات چےت کو تیار ہے۔تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ پر امن تعلقات کے خواہاں ہیں تاہم ہندجس زبان اور جس لہجے میں بات کرے گا اسے ویسا ہی جو اب ملے گا۔ نئی دہلی یہ نہ بھولے کہ پاکستان کے پاس دنیا کی بہترین فوج اور جدید ترین ایٹمی و میزائل ٹیکنالوجی ہے۔اجتما ع سے خطاب اور میڈیا سے گفتگوکرتے ہو ئے انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد نے دہشت گردوں کے خلاف پوری قوم کو یکجا کردیا۔ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئینی مدت پوری کرنے جا رہی ہے۔ ما ضی میں2 مرتبہ ہماری حکومتوں کو سازشوں کے تحت غیر آئینی طریقے سے گرایا گیا۔ ہمیشہ عوامی طاقت سے اقتدار میں آئے۔ آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی قیادت میں ملک گیر کامیابی حاصل کرے گی۔