Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب ورلڈ ہیپی نیس رپورٹ میں 25 ویں نمبر پر

سعودی عرب گزشتہ برس اس فہرست میں 26 ویں نمبر پر تھا( فائل فوٹو عرب نیوز)
امریکہ کی جانب سے اس سال شائع کی جانے والی ورلڈ ہیپی نیس رپورٹ میں سعودی عرب ترقی کر کے 25 ویں نمبر پرآ گیا ہے۔
اقوام متحدہ کے سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ سلوشنز نیٹ ورک کی جانب سے شائع ہونے والے سروے میں دنیا کے 156 ممالک میں خوشی کی سطح کی پیمائش کی گئی ہے۔ سعودی عرب گزشتہ برس اس فہرست میں 26 ویں نمبر پر تھا۔
عرب نیوز کے مطابق رپورٹ نے سعودی وژن 2030 کے اہداف کے اثر کو اجاگر کرتے ہوئے 2017 کے بعد سے مملکت کی ترقی کی پیمائش کی ہےجس میں اس کا کوالٹی آف لائف پروگرام شامل ہے۔
رپورٹ میں نوٹ کیا گیا کہ مملکت نے مجموعی گھریلو پیداوار، سماجی سپورٹ، متوقع عمر، زندگی کے فیصلے کرنے کی آزادی کے ساتھ ساتھ بدعنوانی کا مقابلہ کرنے کی کوششوں کو تیز کرنے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مملکت نے سماجی سپورٹ کے منصوبے اور معاشی پروگرام قائم کیے ہیں جو کورونا کی عالمی وبا کے اثرات سے ملک کی بحالی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
رپورٹ کی ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ ’رپورٹ دو اہم نظریات پر مبنی ہے: یہ کہ خوشی یا زندگی کی تشخیص رائے کے سروے کے ذریعے ماپا جا سکتا ہے اور یہ کہ ہم فلاح و بہبود کے کلیدی عوامل کی نشاندہی کر سکتے ہیں اور اس طرح تمام ممالک میں زندگی کی تشخیص کے نمونوں کی وضاحت کر سکتے ہیں۔‘
ویب سائٹ نے مزید کہا کہ سروے کے نتائج خوش حال معاشروں کے حصول کے لیے ممالک کی پالیسیاں بنانے میں مدد کر سکتے ہیں۔

شیئر: