Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’براڈ شیٹ کے سربراہ کی معافی نیب نیازی گٹھ جوڑ پر فرد جرم‘

شہباز شریف نے کہا کہ ’ایک دھیلے کی کرپشن کا ثابت نہ ہونا ہماری ایمان داری کا ثبوت ہے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
مسلم لیگ ن کے رہنما شہباز شریف نے کہا ہے کہ مشرف اور نیب نیازی نے ایڑی چوٹی کا زور لگایا آج اس کا ڈراپ سین ہوا اور 20 سال کی انکوائری کے نتیجے میں نواز شریف کے خلاف کچھ نہیں نکلا۔
منگل کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ’مشرف سے دورِ نیازی تک 22 سال باریک بینی سے چھان بین کے بعد کاوے موسوی نے تسلیم کیا کہ ناجائز دولت کا زرا سا بھی ثبوت نہیں ملا، براڈ شیٹ کمپنی کے سربراہ کا بیان دراصل نیب نیازی گٹھ جوڑ پر فرد جرم ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’نوازشریف، ہمارے خاندان، جماعت اور ہم سے وابستہ ہر ہر فرد کا 40 سال کے عرصے کا بے رحم اور کڑا حساب کیا گیا۔ نیشنل کرائم ایجنسی کے بعد براڈشیٹ کے سی ای او کاوے موسوی کا اعتراف نوازشریف اور خاندان کی بے گناہی کا ٹھوس ثبوت اورحقیقت واضح کرچکا ہے۔‘
شہباز شریف نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کی ستائی قوم کے لاکھوں ڈالر اور پاﺅنڈز سیاسی انتقام پر ضائع کرنے والوں سے وصول کرنے چاہییں۔ ’ایک دھیلے کی کرپشن کا ثابت نہ ہونا ہماری ایمان داری کا ثبوت ہے۔‘
ان کے بقول کھربوں کے منصوبے، میٹروز، ہسپتال، یونیورسٹیاں، کالج، بجلی کے کارخانے لگائے لیکن ایک دھیلے کی کرپشن نہیں کی۔ ’یہ ہماری ملک اور عوام کی خدمت کا اعتراف ہے جو اللہ  نے تفتیش کرنے والوں سے ہی کرایا ہے۔‘
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’نواز شریف ہی اس قوم کے مسیحا ہیں، وہ واپس آ کر اس ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔‘
واضح رہے کہ براڈ شیٹ کے سربراہ کاوے موسوی نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف لگائے گئے الزامات سے دستبردار ہوتے ہوئے ان سے معافی مانگی ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نواز شریف کے خلاف ایک روپے کی بھی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔ کاوے موسوی کا کہنا تھا کہ وہ دو دہائیوں تک احتساب کے نام پر نوازشریف کو نشانہ بنانے کی کارروائیوں کا حصہ بننے پر شرمسار ہیں۔

شیئر: