گورنر مدینہ منورہ کی شیخ عثمان طہ کے گھر آمد، شہریت ملنے پرمبارک باد
گورنر مدینہ منورہ کی شیخ عثمان طہ کے گھر آمد، شہریت ملنے پرمبارک باد
پیر 27 دسمبر 2021 5:35
شہزادہ فیصل نے کہا ’آپ مجھے فرزندِ مدینہ سمجھیں۔‘ (فوٹو: ٹوئٹر)
گورنر مدینہ منورہ شہزادہ فیصل بن سلمان نے قرآن پاک کے خوش نویس شیخ عثمان طہ کو ان کے گھر پہنچ کر سعودی شہریت ملنے کی مبارکباد پیش کی۔
شیخ عثمان طہ کنگ فہد کمپلیکس برائے اشاعت قرآن مدینہ منورہ میں قرآن مجید کے خوش نویسوں کے استاد بھی ہیں۔
اخبار24 کے مطابق گورنر مدینہ منورہ نے شیخ عثمان طہ کو سعودی شہریت کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم کے خدمتگار ارض القرآن اور قبلہ اسلام میں اعزاز کے زیادہ حق دار ہیں۔ آپ نے 38 برس تک قرآن پاک کی خدمت کی۔ اس کا اعتراف سعودی شہریت پیش کرنے کی صورت میں ضروری تھا۔
شہزادہ فیصل بن سلمان نے خوش نویسوں کے سربراہ شیخ عثمان طہ کو مخاطب کرتے ہوئے یہ تاریخی جملہ بھی کہا کہ ’آپ مجھے فرزندِ مدینہ سمجھیں، یہاں میں آپ کے دولت کدے پرسعودی شہریت ملنے پر فرزندانِ مدینہ کی خوشیوں کی سوغات لے کر آیا ہوں۔ یہاں میں اپنی ہی نہیں بلکہ تمام اہل مدینہ کی نمائندگی کر رہا ہوں۔‘
گورنر مدینہ منورہ نے کنگ فہد کمپلیکس برائے اشاعت قرآن میں عظیم الشان خدمات کے حوالے سے شیخ عثمان طہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری مسلم دنیا آپ کی منفرد کاوشوں کی معترف ہے اورعالم اسلام میں آپ کی نیک نامی آپ کی بڑی کمائی ہے۔
شیخ عثمان طہ نے قرآن پاک 12 بار تحریر کیا ہے ۔
شیخ عثمان طہ نے کہا کہ سعودی شہریت ملنے پر وہ اور ان کا پورا خاندان خوش ہے۔ مملکت کی قیادت اور عوام کی جانب سے یہ اعزاز دراصل قرآن کریم اور اس کے خدام کا اعزاز ہے۔
’گورنر مدینہ منورہ نے گھر پہنچ کر مبارکباد دیکر صحیح معنوں میں اہل مدینہ کی غیر معمولی خوشیوں کی ترجمانی کی ہے۔‘