Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کانگو میں ہیلی کاپٹر کو حادثہ، 6 پاکستانی فوجیوں سمیت 8 افراد ہلاک

ہیلی کاپٹر گرنے کے نتیجے میں چھ پاکستانی افسران و جوان ہلاک ہوئے (فوٹو: آئی ایس پی آر)
کانگو میں اقوام متحدہ کے امن مشن میں شریک پاکستان ایوی ایشن یونٹ کا ہیلی کاپٹر ایک کارروائی میں گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں چھ پاکستانی افسران و جوان سمیت آٹھ افراد ہلاک ہوگئے۔
منگل کو پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان ایوی ایشن یونٹ کو یو این امن مشن کانگومیں حادثہ پیش آیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ’امن مشن کا پوما ہیلی کاپٹر گر گیا جس کے نتیجے میں چھ پاکستانی افسران و جوان ہلاک ہوئے۔‘
آئی ایس پی آر کے مطابق ’امن مشن ہیلی کاپٹر کے حادثے میں مجموعی طور پر آٹھ افراد ہلاک ہوئے۔‘
’پاکستان ایوی ایشن یونٹ یو این امن مشن کانگو میں 2011 سے تعینات ہے اور پاکستان عالمی امن و سلامتی کے لیے یو این امن مشنز میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔‘
ہیلی کاپٹر کریش ہونے کی وجہ ابھی معلوم نہیں ہوسکی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے امن مشن پر تعینات پاکستانی فوج کے افسران اور جوانوں کی ہیلی کاپٹر حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
چین کی نیوز ایجنسی شنہوا کے مطابق یہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 بجے کے قریب پیش آیا۔ حادثے کے بعد ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا۔

شیئر: