اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے گل نسا نے کہا کہ ان کی ایک بہت بڑی خواہش پوری ہوئی ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے پولیس امن مشن کے لیے منتخب ہوئی ہیں۔
گل نسا کہتی ہیں کہ سوڈان پولیس امن مشن کے لیے پورے ملک سے 24 خواتین اور 400 مرد منتخب ہوئے ہیں۔
گل نسا کے مطابق وہ اپنے گاؤں کی واحد خاتون ہیں جنہوں نے پولیس کا محکمہ جوائن کیا۔
’میں نے اقوام متحدہ کے امن مشن کے لیے درخواست دی تھی، اقوام متحدہ کی پولیس نے ہمارا ٹسیٹ لیا تھا جس میں میرے ساتھ پشاور کی ایک اور ساتھی بھی کامیاب ہوئی ہیں۔‘
24 سالہ گل نسا کو بچپن ہی سے یونیفارم پہننے کا شوق تھا۔
وہ کہتی ہیں کہ ہمیشہ یونیفارم پہننے والی خواتین کو شوق سے دیکھتیں اور یہ خواہش ہوتی کہ وہ بھی ایک دن ان کی طرح یونیفارم پہنیں گی۔
سوڈان میں امن و امان کی صورتحال کے بارے میں گل نسا کا کہنا ہے کہ ’ہم نے خیبر پختونخوا میں دہشت گردی سے متاثرہ علاقے میں کام کیا ہے تو میرا نہیں خیال کہ سوڈان میں کام کرنا مشکل ہوگا۔‘
گل نسا کہتی ہیں کہ پولیس کے محکمے میں آنے کے لیے بہت محنت کی۔ (فوٹو: گل نسا)
سوڈان میں اپنے فرائض سے متعلق بات کرتے ہوئے گل نسا کا کہنا تھا کہ ’وہاں قانون نافذ کرنا، پیٹرولنگ، آپریشنز اور سکیورٹی کے فرائض سرانجام دینا ہوں گے۔‘
گل نسا کہتی ہیں کہ انہوں نے ایک ایسے معاشرے میں بہت مشکل سے جگہ بنائی ہے جہاں ہر قدم پر خواتین کے لیے مشکلات ہوتی ہیں۔
گل نسا نے اسلامی تاریخ میں ماسٹرز کیا ہوا ہے اور وہ اپنے خاندان کی کفیل بھی ہیں۔