تھائی لینڈ سے مرغی کے گوشت کی درآمد پر عارضی پابندی ختم
تھائی لینڈ سے انڈے درآمد نہیں کیے جا سکیں گے(فوٹو الاقتصادیہ)
سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (ایس ایف ڈی اے) نے تھائی لینڈ سے مرغی کے گوشت، تازہ اور فروزن مصنوعات کی درآمد پرعائد عارضی پابندی ختم کر دی۔
انڈوں کی درآمد پرپابندی برقرارہے۔ تھائی لینڈ سے ابھی انڈے درآمد نہیں کیے جا سکیں گے۔
الاقتصادیہ کے مطابق سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی نے مرغیوں کے گوشت اوران سے تیارشدہ اشیا کی درآمد پرعائد پابندی اٹھانےکا فیصلہ عالمی ادارہ صحت کی نئی رپورٹ پر کیا گیا ہے جس میں کہا گیا کہ گزشتہ 4 برسوں کے دوران تھائی لینڈ میں پھیلے ہوئے برڈ فلو کی وبا اب ختم ہو گئی ہے۔
ایس ایف ڈی اے کی ٹیم نےعالمی ادارہ صحت کی رپورٹ کے بعد تھائی لینڈ کا دورہ کیا اور اپنے طور پر حقائق کی تصدیق کرنے کے بعد مرغیوں کے گوشت اوران سے تیار کی جانے والی اشیا پرعائد پابندی اٹھانے کی سفارش کردی تھی۔
یاد رہے کہ سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی نے تھائی لینڈ سے مرغیوں کے گوشت اور انڈوں کی درآمد پر پابندی کا فیصلہ وہاں برڈ فلو کی وبا پھیلنے کی بنا پر کیا تھا۔