الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ دے، صدر عارف علوی
بدھ 6 اپریل 2022 10:44
زبیر علی خان -اردو نیوز، اسلام آباد
خط میں کہا گیا ہے کہ ’الیکشن کمیشن قومی اسمبلی تحلیل ہونے کے 90 دن کے اندر الیکشن کرانے کی تاریخ دے۔‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
ایوان صدر نے ملک میں عام انتخابات کروانے کے لیے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا ہے۔
صدر عارف علوی کی جانب سے بدھ کو لکھے گئے خط میں الیکشن کمیشن آف پاکستان سے انتخابات کے انعقاد کی تاریخ مانگی گئی ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ ’الیکشن کمیشن قومی اسمبلی تحلیل ہونے کے 90 دن کے اندر الیکشن کرانے کی تاریخ دے۔‘
خط میں آئین کے آرٹیکل 48 اور آرٹیکل 224 (2) کا حوالہ دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ صدر مملکت نے وزیراعظم عمران خان اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو نگران وزیراعظم کے نام مانگنے کے لیے خط ارسال کیے ہیں۔
شہباز شریف نے نگران وزیراعظم مقرر کرنے کے عمل میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ وزیراعظم عمران خان نے سابق چیف جسٹس گلزار احمد کا نام تجویز کیا ہے۔
آئین کے مطابق وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کو اسمبلی تحلیل ہونے کے تین روز کے اندر نگران وزیراعظم کے لیے اپنے اپنے منتخب کردہ نام صدر مملکت کو بھجوانے ہوتے ہیں۔
آئین کے مطابق بدھ تک صدر مملکت کو نام نہ بھجوانے کی صورت میں معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں چلا جائے گا۔
تاہم تین روز کے اندر وہاں بھی اتفاق نہ ہونے کی صورت میں معاملہ الیکشن کمیشن کو بھجوایا جائے گا، جو دو روز میں نگران وزیراعظم کا اعلان کرے گا۔