اتوار کو اسلام آباد میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیرصدارت کور کمیٹی اجلاس کے بعد فواد چوہدری نے بتایا کہ ’شہباز شریف کے کاغذات پر اعتراضات نہیں مانے جاتے تو ہم کل ہی استعفٰی دے دیں گے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’عمران خان نے اپیل کی ہے کہ اتوار کی رات عشا کی نماز کے بعد ملک بھر میں احتجاج کیا جائے۔‘
فواد چوہدری نے کہا کہ ’پیر کو وزیراعظم کے انتخاب کے بعد مستعفی ہونے کے عمل کا آغاز قومی اسمبلی سے کیا جائے گا۔‘
بعد ازاں ایک اور ٹویٹ میں فواد چوہدری نے کہا کہ ’شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی منظور ہونے کے بعد ایف آئی اے سے پہلا آرڈر یہ ہوا ہے کہ پیر کو وکلا کی ٹیم شہباز شریف کے مقدمے میں فرد جرم کے لیے پیش نہیں ہوگی۔ ویلکم ٹُو پرانا پاکستان۔‘
اتوار کو ہی تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے ایک ٹویٹ میں لکھا ہے کہ ’چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیر صدارت پیر کو پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوگا جس میں آئندہ کی حکمت عملی کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی۔‘
شاہ محمود قریشی اسمبلیوں سے استعفوں کی مخالفت
دریں اثنا استعفوں کے معاملے پر تحریک انصاف میں اختلافات کی خبریں سامنے آرہی ہیں۔ اتوار کی رات کو اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اسمبلیوں سے استعفوں کی مخالفت کی۔
شاہ محمود نے کہا کہ ’میری ذاتی رائے ہے کہ امپورٹڈ حکومت کا ایوان میں مقابلہ کیا جائے۔ تحریک انصاف کے ارکان کی اکثریت کی بھی یہی رائے ہے کہ اسمبلی سے نہیں نکلنا چاہیے۔‘
شیخ رشید کا جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان
سابق وزیرداخلہ اور عومی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے لال حویلی کے باہر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’جس شخص پر فرد جرم عائد ہورہی ہے وہ کل وزیراعظم بننے جا رہا ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’میں نے عمران خان سے کہا تھا کہ اسمبلیوں کو توڑ دیں۔ ’آج میری عمران خان سے آخری بات ہوئی اور ان سے کہا ہے کہ اسمبلیوں سے اجتماعی استعفیٰ دے دیں۔‘
شیخ رشید نے کہا کہ ’اگر میں نے اس امپورٹڈ حکومت کو ختم نہ کیا تو میرا نام شہباز شریف رکھ دینا۔‘
سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ’آج سارے چور عمران خان کے خلاف اکٹھے ہوگئے ہیں۔ شہباز شریف کا وزیراعظم بننا پاکستان کے اوپر دھبہ ہے۔‘
شیخ رشید نے اس موقع پر جیل بھرو تحریک کا بھی اعلان کیا۔
انہوں نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے فوری انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا۔