Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ماضی میں بیرونی طاقتوں کی خوشنودی کے لیے اپنے لوگوں کو قربان کیا گیا‘

سابق وزیراعظم نے حامیوں کو کہا ہے خودمختاری اور جمہوریت کا تحفظ و دفاع کریں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
حزب اختلاف کی جماعتوں کی تحریک عدم اعتماد کے نتیجے میں وزارت اعظمیٰ سے ہٹنے کے بعد اپنے پہلے بیان میں عمران خان کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کو ایک آزاد ریاست بنانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
اتوار کو اپنی ایک ٹویٹ میں سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان 1947 میں آزاد ریاست بنا گیا تھا لیکن حکومت تبدیل کرنے کی بیرونی سازش سے آزادی کی جدوجہد آج پھر شروع ہوگی۔‘
اپنے حامیوں کے لیے پیغام میں ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہمیشہ یہ کسی ملک کے عوام ہی ہوا کرتے ہیں جو اپنی خودمختاری اور جمہوریت کا تحفظ و دفاع کرتے ہیں۔‘
دریں اثنا عمران خان نے اپنے فیس بک پیج پر لکھا کہ ’ماضی میں عوامی مفادات کے خلاف خارجہ پالیسیاں بنائی گئی، بیرونی طاقتوں کی خوشنودی کے لیے اپنے لوگوں کو قربان کیا گیا۔‘
قبل ازیں عمران خان کے قریبی ساتھی اور سابق وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ ان کے تمام ارکان قومی اسمبلی سے مستعفی ہو جائیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہ اگر شہباز شریف کے کاغذات پر اعتراضات نہیں مانے جاتے تو کل ہی استعفٰی دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے اپیل کی ہے کہ آج رات عشا کی نماز کے بعد احتجاج کیا جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ منگل کو پشاور میں ایک بڑے جلسہ عام کےانعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔سابق وزیر اعظم عمران خان پشاور جلسے سے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کریں گے۔

ترجمان کے مطابق عمران خان بدھ کو بعد از نماز عشاء پشاور میں جلسے سے خطاب کریں گے (فوٹو اے ایف پی)

عمران خان کا پشاور سے عوامی رابطہ مہم کا فیصلہ
ترجمان تحریک انصاف خیبر پختونخوا ظاہر شاہ طورو نے کہا ہے کہ ’سابق وزیراعظم عمران خان نے بدھ  کو پشاور سے عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
ان کا کہنا ہے کہ ’عمران خان بدھ کو بعد از نماز عشا پشاور میں جلسے سے خطاب کریں گے۔‘
ترجمان کے مطابق ’کور کمیٹی اجلاس میں پی ٹی آئی کی تنظیم سازی جلد مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ اگلے انتخابات کے ٹکٹوں کی تقسیم کے لیے پارلیمانی بورڈ کو متحرک کیا جائے گا۔‘
’جلسے کےلیے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں اور تمام تنظیموں اور ونگز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ عمران خان پشاور کے علاوہ کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں بھی جلسوں سے خطاب کریں گے۔‘

شیئر: