دبئی دنیا کے مصروف ترین ایئر پورٹس میں بدستور سرفہرست
2021 کے دوران دبئی ایئرپورٹ پر 29.1 ملین مسافر پہنچے ہیں ( فوٹو ٹوئٹر)
ورلڈ ایئرپورٹس کونسل نے سالانہ رپورٹ میں کہا ہے کہ 2021 کے دوران بھی دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے دنیا بھر کے مصروف ترین ایئر پورٹس میں سرفہرست ہونے کا اعزاز برقرار رکھا ہے۔ سب سے زیادہ مسافروں سے دبئی ائیر پورٹ سے ٹریول کیا ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق محکمہ شہری ہوابازی ایئرپورٹس کی اہمیت جانچنے کے لیے بین الاقوامی مسافروں کو معیار مقرر کیے ہوئے ہے۔ بین الاقوامی تجارت اور سیاحت پر سب سے زیادہ مسافر ہی اثرانداز ہوتے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ’ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 2021 کے دوران 29.1 ملین مسافر پہنچے جبکہ 2020 میں 25.9 ملین مسافر دبئی آئے تھے‘۔
اس طرح 2021 کے دوران 30 لاکھ سے زیادہ مسافر دبئی آئے اور شرح نمو 12.7 فیصد پہنچ گئی۔
دنیا کے مصروف ترین ایئر پورٹس میں استنبول انٹرنیشنل ایئرپورٹ دوسرے نمبر پر رہا جس سے2021 کے دوران 26.4 ملین مسافروں نے سفر کیا ہے۔
ایمسٹرڈیم ایئرپورٹ 25.4 ملین مسافروں کے حوالے سے تیسرے نمبر پر رہا ہے۔
فرینکفرٹ اور پیرس کے ایئرپورٹ 22.7 اور 22.6 ملین مسافروں کے حوالے سے چوتھے اور پانچویں نمبر پر رہے ہیں۔