دبئی ایئرپورٹ مکمل گنجائش کے ساتھ آئندہ دو ہفتوں میں کام کرنے لگے گا
محکمہ شہری ہوابازی کے سربراہ نے کہا ہے کہ کورونا وبا سے پیدا ہونے والے مسائل بتدریج ختم ہو رہے ہیں۔ ( فوٹو ٹوئٹر)
متحدہ عرب امارات میں محکمہ شہری ہوابازی کے سربراہ شیخ احمد بن سعید آل مکتوم نے کہا ہے کہ دبئی ایئرپورٹ مکمل گنجائش کے ساتھ آئندہ دو ہفتوں کے دوران کام کرنے لگے گا۔
امارات الیوم کے مطابق دبئی محکمہ شہری ہوابازی کے سربراہ نے کہا ہے کہ کورونا وبا سے پیدا ہونے والے مسائل بتدریج ختم ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امارات ایئرلائنز ایکس 777 طیارے خریدنے کے لیے بوئنگ کے ساتھ اس ماہ مذاکرات کرے گی۔ دبئی ایئر شو سے قبل بھی کمپنی کے ساتھ بات چیت جاری تھی اس دوران بھی گفتگو ہو رہی ہے۔
شیخ آل مکتوم سے پوچھا گیا تھا کہ کیا امارات ایئر لائن بوئنگ کے ساتھ دبئی ایئر شو کے دوران مذاکرات کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ 5 روزہ دبئی ایئر شو کا آغاز 14 نومبر کو ہوگا۔ ایئر شو کے دوران سول اور آرمی طیاروں کے سودے ہوں گے۔
یاد رہے کہ دبئی ایئر پورٹ دنیا کے مصروف ترین ایئر پورٹس میں شامل ہے۔ سیاحتی سیزن کے آغاز کے بعد مسافروں کی آمد ورفت بڑھ گئی ہے۔