’آؤ اور مجھے پکڑ لو‘، نیویارک میں سب وے سٹیشن پر فائرنگ کا ملزم گرفتار
’آؤ اور مجھے پکڑ لو‘، نیویارک میں سب وے سٹیشن پر فائرنگ کا ملزم گرفتار
جمعرات 14 اپریل 2022 7:44
منگل کو بروکلین سب وے سٹیشن پر فائرنگ کے واقعہ میں کم از کم 10 افراد زخمی ہو گئے تھے (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی شہر نیو یارک کے بروکلین سب وے سٹیشن پر 10 افراد کو فائرنگ سے زخمی کرنے کے الزام میں ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی ایسو سی ایٹڈ پریس کے مطابق قانون نافذ کرنے والے حکام نے بتایا ہے کہ ملزم نے پولیس کو کہا تھا کہ وہ آ کر اسے گرفتار کر لے جس کے بعد اس پر دہشت گردی کی فرد جرم عائد کی گئی ہے۔
62 سالہ فرینک آر جیمز کو پُر ہجوم سٹیشن پر فائرنگ کے تقریباً 30 گھنٹے بعد حراست میں لیا گیا ہے۔
میئر ایرک ایڈمز نے بتایا کہ ’میرے ساتھی نیو یارکرز! ہم نے اسے (ملزم کو) پکڑ لیا۔‘
جیمز نے حالیہ مہینوں میں اپنے یوٹیوب چینل پر امریکہ میں نسل پرستی، تشدد اور نیویارک شہر میں ذہنی صحت کے حوالے سے اپنی جدوجہد کے بارے میں ویڈیوز شیئر کی تھیں۔
انہوں نے ان ویڈیوز میں ذہنی صحت اور سب وے کی حفاظت کے حوالے سے میئر ایرک ایڈمز کی پالیسیوں پر تنقید کی تھی۔
سب وے حملے کا مقصد ابھی تک واضح نہیں ہو سکا ہے اور تاحال جیمز کے دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ رابطوں کا کوئی اشارہ نہیں ملا ہے۔
فرینک آر جیمز کو بروکلین کے میٹروپولیٹن حراستی مرکز میں رکھا گیا ہے۔
پولیس نے ملزم کا نام اور تصویر جاری کرتے ہوئے عوام سے اس کی تلاش میں مدد کرنے کی اپیل کی تھی۔
قانون نافذ کرنے والے دو عہدیداروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ’جیمز نے فون کر کے کہا تھا کہ وہ جانتے ہیں کہ وہ مطلوب ہیں، پولیس انہیں مین ہٹن کے مشرقی گاؤں کے پڑوس میں میکڈونلڈز میں تلاش کر سکتی ہے۔‘
چیف آف ڈیپارٹمنٹ کینتھ کوری نے بتایا کہ جب افسران پہنچے تو جیمز جا چکے تھے تاہم انہیں جلد ہی قریب ہی کونے پر کھڑے دیکھا گیا۔
پولس کمشنر کیچانت سیول کے مطابق جیمز کے پاس بھاگنے کے لیے کوئی جگہ نہیں تھی۔
یاد رہے کہ منگل کو بروکلین سب وے سٹیشن پر فائرنگ کے واقعے میں کم از کم 10 افراد زخمی ہو گئے تھے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق واقعہ منگل کی صبح مقامی وقت کے مطابق تقریباً 8 بجے پیش آیا۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر شیئر ہونے والی غیر مصدقہ ویڈیوز میں ایک شخص کو کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ ’ٹرین میں آگ لگ گئی ہے اور آٹھ افراد کو گولیوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔‘