حیدرآباد دکن۔۔۔۔امریکہ میں خود کشی کرنیوالے نوجوان مدھوکر ریڈی کی لاش حیدرآباد کے علاقے بھونگیر پہنچا دی گئی۔آخری رسومات میں شرکت کیلئے جب اس کی اہلیہ سواتھی وہاں پہنچی تو سسرالیو ں اور اس کے عزیز و اقارب نے وہاں جمع لوگوںکے سامنے اس کی پٹائی شروع کردی اور الزام لگایا کہ وہی مدھوکر کی موت کی ذمہ دار ہے۔مدھوکر آئی ٹی کے شعبے سے وابستہ تھا۔وہ اپنی اہلیہ سواتھی کے ساتھ امریکہ میں ملازمت کرتا تھا۔ ان دونوں کی 7سالہ بیٹی بھی ہے۔ مدھوکر 7اپریل کو امریکہ میں اپنے گھر میں مردہ پایا گیا تھا۔ اس کی موت کی رپورٹ بھی درج نہیں کرائی گئی۔سواتھی نے سسرالیوں کے حملے کے بعد بھونگیر پولیس تھانے میں رپورٹ درج کرادی ۔ اس نے مدھوکر کی موت میں ملوث ہونے کا الزام مسترد کردیااور کہا کہ میرے شوہر پچھلے ایک سال سے ڈپریشن کا شکار تھے۔سواتھی نے ٹی وی چینل کو انٹرویومیں کہا کہ میں نے خود اس سے طلاق مانگی تھی کیونکہ میرے شوہر کا موڈ ہمیشہ ہی تبدیل ہوتا رہتا تھا۔ میں نے اس کے والدین سے بھی کہا تھا کہ وہ امریکہ آکر اس کی حالت دیکھیں، اس کا رویہ میرے ساتھ غیر معمولی تھا۔میرے پاس مدھوکر کا میڈیکل ریکارڈ ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ نفسیاتی مریض بن گیا تھا۔