Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روسی جنگی جہاز ڈوبنے کے بعد یوکرین میں ’زوردار‘ دھماکے

جمعرات کو موسکوا میزائل کروز میں آگ لگنے کے باعث اسلحہ دھماکہ سے پھٹ گیا (فوٹو: اے ایف پی)
یوکرین کے دارالحکومت کیئف میں جمعے کی صبح زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں جبکہ فضائی حملے کے سائرن بھی بج اٹھے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق کیئف، خیرسن، مشرقی شہر خارکیف اور ایوانو فرینکیوسک کے قصبے میں ہونے والے دھماکوں کے بعد فوری طور پر نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔ یوکرینی میڈیا نے کیئف کے کچھ حصوں میں بجلی کی بندش کی اطلاع دی ہے۔
یہ دھماکے اس وقت سنے گئے ہیں جب جمعرات کو روس کے ایک بحری جنگی جہاز کو بحرِ اسود میں دھماکے سے شدید نقصان پہنچا۔
یوکرین نے واقعے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ روس کے بحر اسود میں سوویت دور کے پرچم بردار جہاز کو اس کے ایک میزائل نے نشانہ بنایا۔
یوکرین کا کہنا ہے کہ اس نے جنگی جہاز کو مقامی طور پر بنائے گئے نیپچون اینٹی شپ میزائل سے نشانہ بنایا۔
واضح رہے کہ جمعرات کو روس کے سرکاری میڈیا نے بتایا تھا کہ موسکوا میزائل کروز میں آگ لگنے کے باعث اسلحہ دھماکہ سے پھٹ گیا۔

یوکرین کا کہنا ہے کہ اس نے جنگی جہاز کو مقامی طور پر بنائے گئے نیپچون اینٹی شپ میزائل سے نشانہ بنایا (فوٹو: روئٹرز)

روس کی وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا تھا کہ جہاز جمعرات کو اس وقت ڈوبا جب اسے بندرگاہ کی طرف لے جایا جا رہا تھا۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق بحر اسود میں بحری جہاز میں آگ پر قابو پا لیا گیا اور عملے کو بھی بحفاظت نکال لیا گیا۔
بحری جہاز کو نقصان اس وقت پہنچا جب روس کی بحریہ نے حملے کے آغاز کے تقریباً 50 دن بعد بحرِ اسود کے قریب واقع یوکرین کے شہروں پر بمباری جاری رکھی۔
بحیرہ ازوف سے ملحقہ اوڈیسا اور ماریوپول کے رہائشی نئے روسی حملوں کے لیے تیار تھے۔
یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے صبح سویرے ایک ویڈیو خطاب میں ماریوپول سمیت مشرقی ڈونباس کے علاقے کو نشانہ بنانے کے روسی ارادوں سے خبردار کیا۔
زیلنسکی نے ان تمام لوگوں کو خراج تحسین پیش کیا ’جنہوں نے روسی فوجی سازوسامان کے قافلوں کی پیش قدمی کو روکا۔ جنہوں نے دکھایا کہ روسی جہاز نیچے تک جا سکتے ہیں۔‘

شیئر: