اسرائیل کے زیرِ قبضہ فلسطینی علاقوں میں صورت حال تشویشناک ہے: پاکستان
مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فوج کے حملے میں 150 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں (فائل فوٹو: روئٹرز)
پاکستان نے اسرائیل کے زیر قبضہ فلسطینی علاقوں میں حالیہ صورت حال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
دفترِ خارجہ کی جانب سے جمعے کو جاری بیان کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے ماہ رمضان میں مسجد اقصیٰ پر دھاوا انسانی اقدار اور انسانی حقوق کے قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ رپورٹس کے مطابق جمعے کو مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فوج نے دھاوا بولا جس میں 152 فلسطینی زخمی ہوئے اور 300 کو حراست میں لے لیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق حالیہ ہفتوں کے دوران مشرقی یروشلم اور دیگر فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی فوج کے حملوں میں درجن کی تعداد میں فلسطینی ہلاک اور لاتعداد زخمی ہوئے ہیں۔
’اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینی علاقوں میں تشدد کے واقعات میں اضافہ افسوسناک ہے۔‘
پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ ’فوری اقدامات اٹھاتے ہوئے فلسطینیوں کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جائے اور بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر پر عمل درآمد کیا جائے۔‘
پاکستان نے فلسطینیوں کی جدوجہد کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ بھی کیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ اور او آئی سی کی قراردادوں کے تحت فلسطینی عوام کے حقوق اور حق خودارادیت کے حصول کے علاوہ 1967 کی سرحدوں کے اندر آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کی حمایت کرتا ہے جس کا دارالحکومت القدس ہو۔