اوٹاوہ ...نوبل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسف زئی کو لڑکیوں کی تعلیم کیلئے جدوجہد کے اعتراف میں کینیڈا کی اعزازی شہریت دیدی گئی۔خصوصی تقریب میں کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو بھی موجود تھے۔ ملالہ کو کینیڈین شہریت کا فریم کیا ہوا سرٹیفکیٹ پیش کیا۔اس موقع پر ملالہ نے کینیڈین پارلیمنٹ سے خطاب بھی کیا وہ پارلیمنٹ سے خطاب کرنے والی کم عمر ترین شخصیت بن گئیں۔ملالہ نے کینیڈین پارلیمنٹ میں رکھی مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔ ملالہ نے پارلیمنٹ سے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ صرف اعزازی شہریت نہیں بلکہ یہ کینیڈا سے دوستی کا پیغام بھی ہے۔ کھلے دل کے ساتھ اسے قبول کرتی ہوں۔ملالہ نے مزید کہا کہ لڑکیوں کی تعلیم، انسانیت، مہاجرین، امن اور عورتوں کے حقوق کے حوالے سے کینیڈا کے عزم کی معترف ہوں۔ملالہ نے کینیڈین وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ دنیا کے لئے حقیقی مثال ہیں کہ انسانیت کے لئے کھڑے ہونے کا کیا مطلب ہوتا ہے۔ مجھے امید ہے کہ آپ دیگر ممالک کو بھی متاثر کریں گے اور دنیا کے کئی حکمران آپ کے نقش قدم پر چلیں گے۔