Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم کی دادو میں آتشزدگی کے متاثرین کے لیے ایک کروڑ کی امداد

مقامی لوگوں کے مطابق فائر بریگیڈ نہ ہونے کی وجہ سے آگ نے بہت زیادہ نقصان کیا۔ فائل فوٹو: اے پی پی
وزیراعظم شہباز شریف نے صوبہ سندھ کے ضلع دادو میں آگ لگنے سے ہونے والے نقصان کے متاثرین اور زخمیوں کے لیے ایک کروڑ روپے امداد جاری کی ہے۔
جمعرات کو وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کو ضلع دادو میں فیض محمد دریانی چانڈیو گاؤں میں آگ لگنے کے سانحے کی رپورٹ پیش کی گئی۔
وزیر اعظم کی ہدایت پر مرنے والے افراد کے لواحقین اور زخمیوں کی امداد کے لیے وفاقی حکومت کی طرف سے ایک کروڑ روپے جاری کیے گئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ضلعی انتظامیہ کو متاثرین کی بحالی تک ہر ممکن امداد کی فراہمی جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ سانحے میں جان کی بازی ہارنے والوں کے لواحقین کے دکھ میں پوری قوم برابر کی شریک ہے۔ زخمیوں کے علاج میں کسی قسم کی عفلت نہ برتی جائے۔
وزیراعظم نے ابتدائی رپورٹ کے بعد آگ کی وجہ معلوم کرنے کی مکمل تحقیقات کا بھی حکم دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ایسے اقدامات کر کے یہ امر یقینی بنائے کہ مستقبل میں ایسا کوئی بھی واقعہ سانحے کی شکل اختیار نہ کر سکے۔
بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ تفصیلی رپورٹ میں کسی کسی بھی قسم کی غفلت کا پتا چلنے پر ذمہ داران کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔
خیال رہے کہ سندھ کے ضلع دادو کے ایک گاؤں میں آگ لگنے سے 40 سے زائد مکانات جل کر راکھ ہو گئے تھے۔ واقعے میں بچوں سمیت نو افراد جھلس کر ہلاک ہو گئے۔
مقامی لوگوں کے مطابق فائر بریگیڈ نہ ہونے کی وجہ سے آگ نے بہت زیادہ نقصان کیا۔

شیئر: